بھارتی وزیراعظم نریندر مودی دو روزہ دورے پر اسرائیل پہنچ گئے
تل ابیب: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اپنے دو روزہ اہم سرکاری دورے پر اسرائیل پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔ بن گوریان ایئرپورٹ پر اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور ان کی اہلیہ نے پروٹوکول توڑ کر خود بھارتی وزیراعظم کا استقبال کیا، جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے گہرے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
ایئرپورٹ پر بھارتی وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اسرائیلی وزیراعظم نے اپنے استقبالیہ کلمات میں مودی کو خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں “دنیا کا عظیم لیڈر” قرار دیا۔
دورے کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان دفاع، زراعت، ٹیکنالوجی اور آبی وسائل کے شعبوں میں تعاون پر تفصیلی بات چیت متوقع ہے۔
دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری تعلقات کو ایک نئی اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنا ہے۔
سفارتی ماہرین اس دورے کو جنوبی ایشیا کی سیاست اور مشرقِ وسطیٰ میں بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں۔ مودی اسرائیل کا دورہ کرنے والے پہلے بھارتی وزیراعظم ہیں، جس سے بھارت کی خارجہ پالیسی میں ایک واضح تبدیلی نظر آتی ہے۔