ٹی 20 ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ نے پاکستان کیلیے خطرے کی گھنٹی بجا دی

سرلنکا کو 61 رن کے بھاری مارجن سے شکست ، پوری ٹیم 107رنز پر ڈھیر

               
February 25, 2026 · اسپورٹس
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

کولمبو: ٹی 20 ورلڈ کپ سپر ایٹ مرحلے کے چھٹے میچ میں سری لنکا نیوزی لینڈ سے 61 رنز سے شکست کھا کر ورلڈکپ میں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا جبکہ پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا امکان بھی مزید کم ہوگیا۔

کولمبو میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے 168 رنز بنائے ۔   

نیوزی لینڈ نے دھواں دار انداز میں اننگز کا آغاز کیا، تاہم مڈل میں سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو قابو کیا اور اسے 86 رنز پر 6 وکٹوں سے محروم کردیا تاہم ساتویں وکٹ پر کپتان مچل سینٹنر اور کول میک کونچی نے 48 گیندوں پر 84 رنز کی برق رفتار پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کو 7 وکٹوں پر 168 رنز کے ٹوٹل تک پہنچایا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر 47 رنز ب نا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ میک کونچی 31 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ راچن رویندرا نے 32 جبکہ فن ایلن  نے 23 رنز بنائے جبکہ گلین فلپس نے 18 رنز کی اننگز کھیلی۔

سری لنکا کی جانب سے مہیش تھیکشنا اور دشمانتھا چمیرا نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دنتھ ویلالاگے کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

 ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بیٹرز کی ایک نہ چل سکی، اس کے ابتدائی 4 بلے باز 9ویں اوور میں 29 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے۔

پاتھم نسانکا صفر، کوشل مینڈس 11، چریتھ اسالانکا 5 اور پون رتنانائیکے 10 رنز بنا آؤٹ ہوگئے۔ پانچویں وکٹ پر شناکا اور کمنڈو مینڈس نے 16 رنز بنائے، تاہم 46 کے مجموعے پر شناکا بھی آؤٹ ہوگئے۔

چھٹی وکٹ پر سری لنکا نے 13 رنز بنائے، تاہم 59 کے مجموعے پر ہیمانتھا بھی کیچ دے بیٹھے جبکہ ساتویں وکٹ پر 18 رنز کی پارٹنرشپ بنی، تاہم 77 کے مجموعے پر سری لنکا کی آخری امید کمنڈو مینڈس بھی پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 31 رنز بنائے۔

سری لنکا کی آٹھویں وکٹ 105 رنز پر گری جب ویلالاگے 29 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ سری لنکا مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بناسکی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے پارٹ ٹائمر راچن راویندرا نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا، میٹ ہینری نے دو جبکہ گلین فلپس اور مچل سینٹنر نے ایک ایک وکٹ لی۔