دورہ اسرائیل کے دوران مودی کو سبکی کا سامنا ، اپوزیشن نے پیٹھ دکھا دی
تل ابیب : بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے اسرائیلی پارلیمنٹ (کینیسٹ) میں خطاب کے دوران اپوزیشن نے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا، اسرائیلی اپوزیشن اراکین مودی کے آتے ہی ایوان سے باہر چلے گئے۔
نریندر مودی کے ایوان میں پہنچتے ہی اسرائیلی اپوزیشن اراکین نے احتجاجاً واک آؤٹ کر دیا۔ مودی کے خطاب اور نیتن یاہو کی موجودگی کے باوجود اپوزیشن اراکین نشستیں چھوڑ کر باہر چلے گئے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ احتجاج اسپیکر کے رویے کے خلاف تھا تاہم عالمی میڈیا میں مودی کی موجودگی کے دوران اس بائیکاٹ کو بڑی اہمیت دی جا رہی ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے نریندر مودی کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے انہیں اپنا “بھائی” اور اسرائیل کا سچا دوست قرار دیا۔ نیتن یاہو نے اپنے خطاب میں دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی تجارت اور اسٹریٹجک تعاون کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کے مفادات سانجھے ہیں اور یہ دوستی وقت کے ساتھ مزید گہری ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ نریندر مودی کے اسرائیل پہنچنے پر نیتن یاہو اور ان کی اہلیہ نے خود ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا تھا، جو غیر معمولی پروٹوکول کی علامت سمجھا جا رہا تھا۔ اگرچہ اپوزیشن اراکین کچھ دیر بعد ایوان میں واپس آگئے، لیکن اس بائیکاٹ نے مودی کے دورے کے آغاز ہی میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔