ایک دن میں 9 لاکھ افراد کا عمرہ ، نیا ریکارڈ قائم
ریاض/ مکہ مکرمہ: سعودی حکام نے ہفتہ 21 فروری کو عمرہ زائرین کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد کا نیا عالمی ریکارڈ بننے کا اعلان کیا ہے۔ حرمین شریفین کی انتظامیہ کے مطابق 4 رمضان المبارک 1447ھ بروز ہفتہ 9 لاکھ 4 ہزار سے زائد زائرین نے عمرہ کی سعادت حاصل کی، جو کہ ایک دن میں زائرین کی آمد کا اب تک کا سب سے بڑا ریکارڈ ہے۔
حکام کے مطابق رش پر قابو پانے اور مناسک کی باآسانی ادائیگی کے لیے کعبہ کے گرد سفید سنگِ مرمر کے کھلے حصے (مطاف) کو 24 گھنٹے صرف عمرہ ادا کرنے والوں کے لیے مختص کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ جمعہ کے روز اور رمضان کے آخری عشرے میں مغرب، عشا، تراویح اور تہجد کے وقت مسجد الحرام میں نمازیوں کی غیر معمولی تعداد کے پیشِ نظر دیگر تمام نمازیوں کو صحنوں اور متعین کردہ متبادل جگہوں پر جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سعودی حکام نے مسجد الحرام کے اندر اور باہر نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے اہم اقدامات کیے گئے ہیں،زائرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مسجد کے دروازوں پر لگی علامات (Signage) کی پیروی کریں اور گزرگاہوں، سڑکوں یا صحن کے درمیانی حصوں میں جمع ہونے سے گریز کریں۔
حکام کے مطابق مرکزی علاقے میں پیدل چلنے والوں کے لیے مخصوص راستے بنائے گئے ہیں جہاں نماز کے اوقات میں گاڑیوں کا داخلہ ممنوع ہے۔
حکام کے مطابق غیر قانونی موٹر سائیکلوں اور سائیکلوں کے داخلے پر پابندی عائد ہے، جبکہ پیدل چلنے والوں کے راستے میں رکاوٹ بننے والی گاڑیوں کو فوری طور پر ٹو (Tow) کرنے اور بھاری جرمانے کا انتباہ دیا گیا ہے۔