امریکا کی اپنے سفارتی عملے کو پہلی دستیاب پرواز سے اسرائیل چھوڑنے کی ہدایت
تل ابیب : اسرائیل میں تعینات امریکی سفارت خانے کے عملے کو ہدایت دی گئی ہے کہ اگر وہ ملک چھوڑنا چاہتے ہیں تو آج ہی روانہ ہو جائیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ ہدایت اسرائیل میں امریکی سفیر مائیک ہیکبی نے اپنے عملے کو ایک ای میل کے ذریعے دی ہے۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی سفیر نے سفارت خانے کے عملے کو ای میل بھیجی جس میں کہا گیا کہ جو ملازمین یا ان کے اہل خانہ اسرائیل سے نکلنا چاہتے ہیں وہ آج ہی روانہ ہونے کا بندوبست کریں۔
ای میل میں کہا گیا کہ سفارت خانے کی جانب سے غیر ضروری سرکاری عملے اور ان کے اہل خانہ کو رضاکارانہ طور پر اسرائیل چھوڑنے کی اجازت دی گئی ہے اس لیے ممکن ہے کہ آج فلائٹس میں نشستیں کم پڑ جائیں۔
عملے کو یہ ہدایت بھی دی گئی کہ وہ بن گوریون ایئرپورٹ سے کسی بھی دستیاب پرواز پر جگہ حاصل کرنے کی کوشش کریں تاکہ پہلے مرحلے میں ہی ملک سے باہر نکل سکیں۔
سفیر نے ای میل میں یہ بھی لکھا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں تاہم جو لوگ جانا چاہتے ہیں انہیں بہتر ہے کہ جلد از جلد روانگی کا منصوبہ بنائیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سفارتی عملے کو فوری روانگی کی ہدایت اس بات کا اشارہ ہو سکتی ہے کہ خطے میں سکیورٹی صورتحال مزید بگڑنے کا خدشہ موجود ہے۔