ایرانی سپریم لیڈر کا سنگ دلانہ قتل عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، روسی صدر پیوٹن
پیوٹن نے ایرانی قیادت سے تعزیت کا اظہار کیا،امریکی اور اسرائیلی فوجی کارروائی کی شدید مذمت۔
فائل فوٹو
ماسکو: روس کی جانب سے ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے ، روسی صدر پوٹن نےایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور ان کے اہلِ خانہ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ’’سنگ دلانہ قتل‘‘قرار دیا ہے، جو انسانی اخلاقیات اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے ایرانی قیادت سے تعزیت کا اظہار بھی کیا، پیوٹن نے ایران میں امریکی اور اسرائیلی فوجی کارروائی پر بھی سخت تنقید کی۔ اتوار کے روز کریملن نے وہ خط شائع کیا جو پیوٹن نے اپنے ایرانی ہم منصب مسعود بزشکیان کو ارسال کیا تھا، جس میں انہوں نے آیت اللہ خامنہ ای کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
خط میں پیوٹن نے کہا کہ براہِ کرم اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای اور ان کے اہلِ خانہ کے قتل پر میری تعزیت قبول کیجیے، جو انسانی اخلاقیات اور بین الاقوامی قوانین کی تمام حدود کی سنگ دلانہ خلاف ورزی کرتے ہوئے کیا گیا۔