ورلڈ کپ 2026 میں ناقص کارکردگی،فی کھلاڑی 50،50لاکھ جرمانہ عائد
قومی ٹیم نے نیدرلینڈز کے خلاف ابتدائی مقابلے میں مشکل سے کامیابی حاصل کی، امریکا کو ہرایا
ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹرز کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہر کھلاڑی پر 50، 50 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا ہے، جس کا فیصلہ بھارت کے خلاف میچ میں شکست کے بعد کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق بورڈ نے کھلاڑیوں کو واضح کر دیا ہے کہ اب لاڈ پیار کی گنجائش نہیں، پرفارمنس ہی مالی فوائد کا معیار ہوگی۔ قومی ٹیم نے نیدرلینڈز کے خلاف ابتدائی مقابلے میں مشکل سے کامیابی حاصل کی، امریکا کو ہرایا، لیکن بھارت کے خلاف ناکامی اور بعد میں سری لنکا اور انگلینڈ سے مقابلے میں ناقص کھیل کی وجہ سے سیمی فائنل میں رسائی مشکل ہو گئی۔
پی سی بی کے مطابق ہر کھلاڑی کی سالانہ آمدنی کروڑوں میں ہے، اے کیٹیگری کھلاڑی کو ماہانہ 45 لاکھ روپے معاوضہ اور آئی سی سی آمدنی کا شیئر 20 لاکھ 70 ہزار روپے ملتا ہے، جبکہ بی کیٹیگری کو ماہانہ 30 لاکھ اور آئی سی سی کا شیئر 15 لاکھ 52 ہزار 500 روپے ہے۔ بورڈ حکام نے کھلاڑیوں کو تنبیہ کی ہے کہ اچھی کارکردگی پر انعام اور ناقص کھیل پر جرمانہ دونوں ہی نافذ رہیں گے۔