بریکنگ ایران کے اسرائیل و خلیجی ممالک کے مختلف امریکی اڈوں پر ڈرون اور میزائل سے حملے ،اہم تنصیبات نشانہ

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا اسرائیلی فضائیہ کے ہیڈ کوارٹر اور وزیر اعظم کے دفتر کو نشانہ بناے کا دعویٰ

               
March 2, 2026 · |
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

تہران: ایران نے اپنے سپریم لیڈر کی شہادت کے جواب میں مشرقِ وسطیٰ کے متعدد ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈوں اور معاشی اہداف پر سینکڑوں بیلسٹک میزائلوں اور خودکش ڈرونز سے حملے کیے،خلیجی ممالک کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

قطر کی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ ایران سے لانچ کیے گئے دو ڈرونز نے نشانہ بنایا۔ ایک ڈرون نے مسیعید میں بجلی گھر کے واٹر ٹینک کو نشانہ بنایا، جبکہ دوسرا ڈرون راس لفان انڈسٹریل سٹی میں قطر انرجی کی ایک توانائی تنصیب پر گرا۔

وزارت کے مطابق ان حملوں میں کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔ متعلقہ حکام نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس بارے میں باضابطہ بیان بعد میں جاری کیا جائے گا۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی فضائیہ کے ہیڈ کوارٹر اور وزیر اعظم کے دفتر کو نشانہ بنایا ہے، تاہم اسرائیل نے ان مخصوص مقامات پر نقصان کی تردید کی ہے۔

کویت میں امریکی سفارتخانے کے قریب دھواں اٹھتے دیکھا گیا ہے، جائے وقوعہ پر فائر فائٹرز اور ایمبولینسز بھی پہنچ گئیں۔

کویت میں واقع امریکی سفارتخانے نے اپنی ویب سائٹ پر شہریوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ سفارتخانے کی طرف نہ آئیں، گھروں کی نچلی منزل پر پناہ لیں، کھڑکیوں سے دور رہیں اور غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں۔ سفارتخانے نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں میزائل اور ڈرون حملوں کا خطرہ بدستور موجود ہے۔

اسی دوران بحرین کے دارالحکومت منامہ، قطر کے دارالحکومت دوحہ اور متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق دوحہ اور دبئی میں متعدد زور دار دھماکوں اور جنگی طیاروں کی پروازوں کی آوازیں سنائی دیں۔

عراق کے خودمختار کرد خطے کے دارالحکومت اربیل میں بھی شدید دھماکوں کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق عراقی فضائی دفاعی نظام نے اربیل انٹرنیشنل ائرپورٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے کی کارروائی کی۔

دریں اثنا کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق کویت سٹی کے قریب مینا الاحمدی آئل ریفائنری میں ملبہ گرنے سے دو کارکن معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

بحرین کی وزارت داخلہ نے فضائی حملے کے سائرن فعال کرنے اور شہریوں کو محفوظ مقامات پر جانے کی ہدایت کی ہے، جبکہ منامہ کو ملانے والا شیخ خلیفہ بن سلمان پل عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

خطے میں جاری حملوں اور جوابی کارروائیوں کے باعث خلیجی ممالک میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔

اسرائیلی حکام اور بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایران کے تازہ حملوں نے اسرائیل کے دفاعی نظام کو بری طرح متاثر کیا ہے:

یروشلم کے قریب واقع اس رہائشی علاقے میں ایک ایرانی میزائل براہ راست بم پناہ گاہ (Bomb Shelter) اور ایک عبادت گاہ پر گرا، جس کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

تل ابیب شہر کے وسطی علاقے میں میزائل لگنے سے ایک خاتون ہلاک اور 22 افراد زخمی ہوئے، جبکہ ایک کثیر المنزلہ عمارت جزوی طور پر منہدم ہو گئی۔

ابوظہبی ایئرپورٹ پر ڈرون گرنے سے ایک غیر ملکی شہری ہلاک اور 7 زخمی ہوئے۔ دبئی کے مشہور Fairmont Hotel اور Burj Al Arab کے قریب بھی ڈرون ملبہ گرنے سے آگ لگ گئی اور 4 افراد زخمی ہوئے۔

 مشرقی صوبے میں واقع راس تنورہ آئل ریفائنری پر ڈرون حملوں کی کوشش کی گئی، جس کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت تیل کی پیداوار عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔ بحرین میں امریکی بحری بیڑے کے ہیڈ کوارٹر کے قریب میزائل گرے، جبکہ کویت ایئرپورٹ پر ڈرون حملے میں 9 ملازمین زخمی ہوئے۔

خلیج عمان میں ایک آئل ٹینکر کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا جس میں ایک ملاح ہلاک ہو گیا۔