چین کا ایران میں فوجی کارروائیاں فوری روکنے کا مطالبہ
سلامتی کونسل میں انصاف کی بالادستی، امن کے فروغ اور جنگ کے پھیلاؤ کو روکنا چین کی ترجیحات میں شامل ہے
چین نے ایران میں جاری فوجی آپریشن پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کے خلاف جاری عسکری کارروائیاں فوری طور پر بند کی جائیں اور کشیدگی میں کمی لائی جائے۔
بیان کے مطابق چین خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔ ترجمان نے کہا کہ سلامتی کونسل میں انصاف کی بالادستی، امن کے فروغ اور جنگ کے پھیلاؤ کو روکنا چین کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ تنازع اگر ہمسایہ ممالک تک پھیلتا ہے تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔
چینی مؤقف میں زور دیا گیا کہ تمام فریقین فوری طور پر فوجی کارروائیاں بند کریں اور طاقت کے اندھا دھند استعمال سے گریز کریں۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ایران کو جوہری توانائی کے پرامن استعمال کا جائز حق حاصل ہے اور ایرانی جوہری مسئلہ بالآخر سیاسی اور سفارتی حل کی طرف ہی لوٹے گا۔
چین نے ایک بار پھر مذاکرات اور سفارتی ذرائع کو ہی پائیدار حل قرار دیا ہے۔