متحدہ عرب امارات نے فضائی بحران کے دوران ویزا اوور اسٹے جرمانے معاف کر دیے
فیصلہ ان مسافروں اور رہائشیوں کے لیے کیا گیا ہے جو موجودہ علاقائی صورتحال کے باعث مقررہ تاریخ پر ملک چھوڑنے سے قاصر رہے
متحدہ عرب امارات کے وفاقی ادارہ برائے شناخت نے اعلان کیا ہے کہ فضائی حدود کی بندش اور پروازوں کی معطلی سے متاثر ہونے والے افراد کے لیے ویزا اوور اسٹے جرمانے معاف کر دیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ فیصلہ ان مسافروں اور رہائشیوں کے لیے کیا گیا ہے جو موجودہ علاقائی صورتحال کے باعث مقررہ تاریخ پر ملک چھوڑنے سے قاصر رہے۔ اس سہولت کا اطلاق وزٹ ویزا، سیاحتی ویزا یا ایگزٹ پرمٹ رکھنے والے افراد پر ہوگا، جنہیں پروازوں کی منسوخی یا ری شیڈولنگ کے سبب روانگی میں تاخیر ہوئی، اس میں وہ رہائشی بھی شامل ہیں جنہوں نے اپنی رہائشی اجازت نامہ منسوخ کروا کر ملک چھوڑنے کی تیاری کی تھی مگر فضائی آپریشن متاثر ہونے کے باعث سفر ممکن نہ ہو سکا۔
وفاقی ادارے کا کہنا ہے کہ یہ اقدام موجودہ غیر معمولی حالات میں قانونی مشکلات اور مالی بوجھ سے بچانے کے لیے اٹھایا گیا، کیونکہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث متعدد ممالک کی فضائی حدود بند یا محدود ہو گئی تھیں، جس سے عالمی فضائی ٹریفک متاثر ہوئی اور ہزاروں مسافر مختلف شہروں میں پھنس گئے۔
حکام نے متاثرہ افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ تازہ ترین معلومات اور طریقہ کار کے لیے سرکاری اداروں اور متعلقہ حکومتی پلیٹ فارمز سے رابطے میں رہیں۔ حکام کے مطابق صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید سہولتیں یا ہدایات بھی جاری کی جا سکتی ہیں۔