بریکنگ ایران کا کویت، بحرین اور متحدہ عرب امارات میں 20 امریکی فوجی اہداف کو نشانے کا دعویٰ
پاسداران انقلاب نے علیحدگی پسندوں کے ہیڈکوارٹر اور اسلحہ ڈپو تباہ کر دیا.
تہران: ایران کی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کویت، بحرین اور متحدہ عرب امارات میں موجود تقریباً 20 امریکی فوجی اہداف کو نشانہ بنا کر انہیں نقصان پہنچایا ہے۔ایران نے امریکا سے اپنے جنگی بحری جہاز کو تباہ حملہ کر کے غرق کرنے کا بدلہ لے لیا۔
ایرانی حکام کے مطابق یہ حملے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے فضائی حملوں کے جواب میں کیے گئے۔ ان کارروائیوں میں میزائلوں اور ڈرونز کا استعمال کیا گیا، جن کا ہدف خطے میں امریکی فوجی تنصیبات اور مواصلاتی نظام تھے۔
خلیجِ فارس میں امریکی ٹینکر کو تباہ کردیا
ایران کے سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق ملکی بحریہ کے جنگی دستوں نے آج خلیجِ فارس کے شمالی حصے میں ایک امریکی ٹینکر کو نشانہ بنایا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جہاز کو خلیج فارس کے شمال میں ایک میزائل سے نشانہ بنایا گیا جس امریکی ٹینکر میں لگنے والی آگ اب بھی بھڑک رہی ہے۔
پاسدارانِ انقلاب نے یہ بھی کہا کہ انھیں آبنائے ہرمز پر ’مکمل کنٹرول‘ حاصل ہے جو خلیجِ فارس کو بحرِ ہند سے ملاتی ہے۔
قطر، بحرین، آذربائیجان میں دھماکے
قطر کے دارالحکومت دوحہ کی فضا میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، دوحہ میں فضائی دفاعی نظام متحرک ہو گیا، میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کیا جا رہا ہے، قطر کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے میزائل دفاعی نظام نے روک لیے
بحرین میں بھی ایرانی میزائل گرنے کی اطلاعات ہیں۔
ایرانی ڈرون آذربائیجان کی حدود میں بھی گر گئے، نخچیوان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی ٹرمینل عمارت ڈرون حملے میں متاثر ہو گئی، ایک ڈرون شکرآباد گاؤں کے سکول کے قریب گرا، دو شہری زخمی ہو گئے۔
امارات نے 6 بیلسٹک میزائل اور 125 ڈرون مار گرائے؛ ملبہ لگنے سے 6 پاکستانی زخمی
متحدہ عرب امارات نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایران کی جانب سے داغے گئے 6 بیلسٹک میزائل اور 125 ڈرون تباہ کر دیے۔
عرب میڈیا کے مطابق یو اے ای کی وزارتِ دفاع نے بتایا کہ ملک کی حفاظت کے لیے ہر لمحہ چوکنا ہیں۔ ایران کے 7 میں سے 6 بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کردیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے اندر گرنے والے میزائل سے بھی کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اسی طرح ایران کے 131 ڈرونز میں سے 125 کو کامیابی سے مار گرایا گیا جبکہ چھ ڈرون یو اے ای کی حدود میں آ کر گرے۔
دوسری جانب دارالحکومت ابوظہبی کی انتظامیہ نے بتایا کہ فضائی دفاعی نظام کی جانب سے ڈرون تباہ کیے جانے کے بعد ان کا ملبہ دو مختلف مقامات پر گرا جس میں 6 پاکستانی شہری زخمی ہوگئے۔
متحدہ عرب امارات کے حکام کا کہنا ہے کہ ڈرونز کا ملبہ لگنے سے زخمی ہونے والوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ انھیں معمولی اور درمیانی نوعیت کے زخم آئے ہیں۔
یو اے ای حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور افواہوں یا غیر مصدقہ خبروں کے پھیلاؤ سے گریز کریں۔
پاسداران انقلاب نے امریکی جنگی طیارہ ایف 15 مار گرایا
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاسداران انقلاب نے ایران کے جنوب مغربی علاقے میں ایک امریکی جنگی طیارہ مار گرایا ہے۔
پاسداران انقلاب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرو اسپیس فورس کے نئے فضائی دفاعی نظام نے بدھ کی علی الصبح ایک امریکی F-15E Strike Eagle کو نشانہ بنایا۔
ایرانی حکام کے مطابق دو نشستوں والا یہ ملٹی رول اسٹرائیک فائٹر طیارہ ایران کی جنوب مغربی سرحد کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔
ایرانی فوج کا کرد علیحدگی پسندوں کے ٹھکانوں پر حملہ
پاسداران انقلاب کا کہنا ہےکہ ہم نے علیحدگی پسندوں کے ہیڈکوارٹر اور اسلحہ ڈپو تباہ کر دیاا گروہ مغربی سرحد سے ہمارے ملک میں داخل ہونا چاہتے تھے، وہ امریکی ایما پر ہمارے ملک میں انتشار پھیلانے کے مشن پر تھے۔
دوسری جانب عراقی کردستان کے صدر نے ایران کے خلاف جنگ کا حصہ نہ بننے کا اعلان کیا ہے،ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کرد صدر نيجرفان بارزانی کو فون کیا،صدر عراقی کردستان کا کہنا ہے کہ خطہ کردستان کسی بھی تنازع کا حصہ نہیں بنے گا۔
اس سے قبل ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کا کہنا تھا کہ خلیج فارس کے شمالی حصے میں آج صبح ایک امریکی آئل ٹینکر کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا ہے، حملے کے بعد ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی۔
بیان میں کہا گیا کہ ایران پہلے ہی خبردار کر چکا تھا کہ جنگی حالات میں عالمی قوانین کے مطابق آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے حقوق اسلامی جمہوریہ ایران کے کنٹرول میں ہوں گے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے مزید کہا کہ اس حوالے سے جاری ضوابط پر سب کو عمل کرنا ہوگا، امریکا، اسرائیل، یورپی ممالک اور ان کے حامیوں سے تعلق رکھنے والے فوجی اور تجارتی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پاسداران انقلاب نے خبردار کیا کہ اگر آبنائے ہرمز میں امریکا، اسرائیل یا یورپی ممالک کا کوئی جہاز دیکھا گیا تو اسے یقینی طور پر نشانہ بنایا جائے گا۔