ٹی20 ورلڈکپ، دوسرا سیمی فائنل:بھارت فائنل میں پہنچ گیا
میگا ایونٹ کا فائنل معرکہ 8 مارچ کو بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد میں ہوگا۔
فوٹو سوشل میڈیا
ممبئی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے دلچسپ مقابلے کے بعد انگلینڈ کو صرف 7 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ فائنل کےلیے کوالیفائی کرلیا۔
ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس سیمی فائنل میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
دفاعی چیمپئن اور ہوم ٹیم بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 253 رنز بنائے،اوپنر سنجو سیمسن نے 42 گیندوں پر 89 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی،انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ شوم دوبے نے 43، ایشان کشن نے 39، ہاردیک پانڈیا نے 27، تلک ورما نے 21 اور سوریا کمار یادیو نے 11 رنز بنائے۔
انگلینڈ کے تمام بولرز ہی مہنگے ثابت ہوئے، البتہ وکٹ کالم کے مطابق عادل رشید اور ول جیکس دو دو وکٹیں لے کر نمایاں رہے، جوفرا آرچر نے ایک وکٹ لی۔
انگلینڈ کے جوز بٹلر اور فل سالٹ نے بڑے ہدف کے تعاقب میں پہلے اوور میں 13 رنز بنائے لیکن دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر فل سالٹ آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد کپتان ہیری بروک بھی صرف 7 رنز کا اضافہ کرسکے۔
جوز بٹلر نے جیکب بیتھل کے ساتھ ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی لیکن خود 25 رنز کی اننگز کھیل پائے، ٹام بینٹن نے جارحانہ آغاز کیا اور انگلینڈ کی امیدیں بحال کی لیکن 5 گیندوں پر ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 17 رنز بنا کر آکشر پٹیل وکٹ بن گئے۔
انگلینڈ نے جیکب بیتھل نے شان دار بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی ،20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 246 رنز بنائے اور 7رنز سے میچ ہار گئے ۔
میگا ایونٹ کا فائنل معرکہ 8 مارچ کو بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد میں ہوگا۔
واضح رہے کہ ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔