ایران میں بچوں کی ہلاکتوں پر یونیسف کااظہار تشویش
فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک تقریباً 180 بچوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں
اقوام متحدہ کے ذیلی ادارےیونیسف نے ایران میں جاری فوجی کشیدگی کے بچوں پر پڑنے والے مہلک اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
یونیسف کے مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران میں جاری فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک تقریباً 180 بچوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں جبکہ متعدد دیگر بچے زخمی ہوئے ہیں۔
ادارے نے کہا کہ جنگ اور تشدد کے نتیجے میں بچوں کی ہلاکتیں اس بات کی سنگین یاد دہانی ہیں کہ مسلح تنازعات میں سب سے زیادہ نقصان کمزور طبقات کو اٹھانا پڑتا ہے، جس کے اثرات خاندانوں اور معاشروں پر طویل عرصے تک مرتب ہوتے ہیں۔
یونیسف نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور شہریوں، بالخصوص بچوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔