ٹر مپ نے ہوم لینڈ سیکیورٹی کی وزیر کوعہدے سے برطرف کردیا

کابینہ میں یہ پہلی بڑی تبدیلی 31 مارچ سے نافذ العمل ہوگی۔امریکی صدر

               
March 6, 2026 · بام دنیا

تصویر : سوشل میڈیا

 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکرٹری کرسٹی نوم (Kristi Noem) کی جگہ ریپبلکن سینیٹر مارک وین ملن (Markwayne Mullin) کو تعینات کریں گے۔

 

سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں ٹرمپ نے وضاحت کی کہ انہوں نے کرسٹی نوم کو مغربی نصف کرہ (Western Hemisphere) کے لیے ایک نئے سیکورٹی اقدام، جسے شیلڈ آف دی امریکہ کا نام دیا گیا ہے، کے لیے خصوصی مندوب مقرر کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کابینہ میں یہ پہلی بڑی تبدیلی 31 مارچ سے نافذ العمل ہوگی۔

 

ٹرمپ نے کرسٹی نوم کی رخصتی پر ان کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے بہترین خدمات انجام دیں اور شاندار نتائج (خاص طور پر سرحد پر!) حاصل کیے۔تاہم، نوم کا دورِ ملازمت متنازع رہا ہے، خاص طور پر تارکینِ وطن کے حوالے سے پالیسیاں، حکومتی اخراجات اور مفادات کے ٹکراؤ کے حوالے سے ان پر سوالات اٹھائے گئے۔

 

ان کی برطرفی کا اعلان کانگریس کی سماعت کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے، جہاں ڈیموکریٹک اراکین نے ان سے سخت سوالات کیے اور ان کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ نمائندہ پرمیلا جے پال نے سماعت کے دوران کہاکہ آپ نے امریکی حکومت کو اپنے ہی شہریوں کے خلاف کھڑا کر دیا ہے، آپ کو استعفیٰ دے دینا چاہیے یا آپ کا مواخذہ ہونا چاہیے۔

 

نوم کی برطرفی کا یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں بھی سامنے آیا ہے جب محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث جزوی شٹ ڈاؤن کا شکار ہے۔ ڈیموکریٹس نے نوم کی قیادت میں امیگریشن ایجنٹوں کے ہاتھوں ہلاکتوں کے ردعمل میں محکمے کے فنڈز روک رکھے ہیں۔

 

سماعت کے دوران ڈیموکریٹک نمائندے جیمی راسکن نے نوم پر الزام لگایا کہ انہوں نے دو امریکی شہریوں، رینی گڈ اور ایلکس پریٹی کی ہلاکت کے بعد ان کے خلاف بدنامی کی مہم چلائی اور انہیں داخلی دہشت گردقرار دیا، حالاں کہ شواہد اس کے برعکس تھے۔اس کے علاوہ، کرسٹی نوم کو اپنے آبائی صوبے جنوبی ڈکوٹا میں ماؤنٹ رشمور کے قریب گھڑ سواری کرتے ہوئے دکھائے جانے والی 220 ملین ڈالر کی ایک اشتہاری مہم پر بھی تنقید کا سامنا رہا۔ رپورٹ کے مطابق اس مہم کا ٹھیکہ ایک ایسی فرم کو دیا گیا جس کے تعلقات محکمے کے اعلیٰ حکام سے تھے۔

نوم کے جانشین، مارک وین ملن، 2023 سے امریکی سینیٹر ہیں اور اس سے قبل دس سال تک ایوانِ نمائندگان کے رکن رہے۔ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مارک وین سرحدوں کو محفوظ بنانے، تارکینِ وطن کے جرائم روکنے اور منشیات کے خاتمے کے لیے انتھک کام کریں گے۔