کھانسی کے معروف سیرپ ایسی فائل کی ایک کھیپ مارکیٹ سے ہٹانے کا حکم
تمام فارمیسیوں، ڈسٹری بیوٹرز اور طبی مراکز کوفروخت اور ترسیل روکنے کی بھی ہدایت
کھانسی کا شربت
ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگز کنٹرول پنجاب نے کھانسی کے شربت کے ایک مخصوص بیچ کے لیے کلاس-I میڈیسن ریکال جاری کرتے ہوئے اسے فوری طور پر مارکیٹ سے واپس منگوانے کا حکم دیا ہے۔
محکمۂ صحت کے مطابق سرکاری لیبارٹری ٹیسٹنگ رپورٹ میں Acefyl کف سیرپ کے بیچ نمبرACH479 کو ڈرگز ایکٹ 1976 کے تحت ملاوٹ شدہ (Adulterated)قرار دیا گیا ہے۔ اس شربت کی میعاد ختم ہونے کی تاریخ ستمبر 2028 ہے،اور اسےنبی قاسم انڈسٹریز (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے تیار کیا ہے۔
ڈرگز کنٹرول حکام نے تمام فارمیسیوں، ڈسٹری بیوٹرز اور طبی مراکز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ مذکورہ بیچ کی فروخت اور سپلائی فوری طور پر بند کریں اور موجود اسٹاک واپس کر دیں۔
محکمۂ صحت کی جانب سے عوام کے لیے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی کے پاسAcefyl کف سیرپ موجود ہو تو وہ فوری طور پر اس کا بیچ نمبر چیک کریں۔ اگر بوتل پر ACH479درج ہو تو اس کا استعمال فوراً ترک کر دیا جائے۔
حکام نے مزید ہدایت کی ہے کہ دوا کے استعمال کے بعد کسی بھی قسم کے منفی ردعمل یا طبی پیچیدگی کی صورت میںپراونشل فارماکو ویجیلنس سینٹر کو فوری اطلاع دی جائے تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔
ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگز کنٹرول کے مطابق مریضوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور شہریوں کو چاہیے کہ کسی بھی دوا کے استعمال سے قبل اس کی تفصیلات، بیچ نمبر اور میعاد ختم ہونے کی تاریخ ضرور چیک کریں۔