ملک، عوام اور رہائشیوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے، یو اے ای صدر
پڑوسی ممالک کے خلاف کسی جارحیت کی اجازت نہیں دی اور علاقائی ممالک کے ساتھ کسی بھی دشمنی کی کوئی نیت نہیں ہے
متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان نے ایران-اسرائیل کشیدگی کے بعد عوامی سطح پر اپنا پہلا بیان جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم حالت جنگ میں ہے اور وہ اپنے ملک، عوام اور رہائشیوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ صدر نے مزید کہا کہ یو اے ای آسان شکار نہیں ہے اور ملک کی سلامتی یقینی بنائی جائے گی۔
دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے بحرین کے جوفیر فوجی اڈے پر امریکی افواج کو نشانہ بنایا، جو ایران میں پانی کے پلانٹ پر ہونے والے حملے کے جواب میں کیا گیا۔
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اس موقع پر وضاحت کی کہ ایران پڑوسی ممالک کے خلاف کوئی حملہ یا میزائل حملہ نہیں کرے گا جب تک کہ اس کی سرزمین پر حملہ نہ کیا جائے۔ ایرانی صدر نے مزید کہا کہ عبوری لیڈرشپ کونسل نے پڑوسی ممالک کے خلاف کسی جارحیت کی اجازت نہیں دی اور علاقائی ممالک کے ساتھ کسی بھی دشمنی کی کوئی نیت نہیں ہے۔ انہوں نے پڑوسی ممالک سے معذرت کا بھی اظہار کیا۔