ایران کے ساتھ کسی سمجھوتے یا سیٹلمنٹ کی تلاش میں نہیں۔صدر ٹرمپ
روس کی جانب سے ایران کی مدد کے کوئی شواہد نہیں ملے۔صدر ٹرمپ کی گفتگو
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کردیا کہ ہم ایران میں ایسا صدر چاہتے ہیں جو ملک کو جنگ کی طرف نہ لے جائے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ جنگ کے بعد ایران کا نقشہ شاید ویسا نہیں نظرآئےگا جیسا ابھی ہے۔انہوں نے کہا کہ کہ امریکہ ایران کے ساتھ کسی سمجھوتے یا سیٹلمنٹ کی تلاش میں نہیں، دعوی کیا کہ وہ نہیں چاہتے کہ کرد فورسز ایران میں داخل ہوں۔
امریکی صدر نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ روس کی جانب سے ایران کی مدد کے کوئی شواہد نہیں ملے۔
صدر ٹرمپ نے ایران میں ایلیمنٹری اسکول پر حملوں سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اسکول پر حملہ ایران نے کیا تھا۔
اس سے قبل اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پیغام پوسٹ کیا جس میں انھوں نے برطانوی وزیرِاعظم کو مخاطب کیا اور لکھا کہ ’برطانیہ، جو کبھی ہمارا عظیم اتحادی تھا شاید سب سے بڑا، اب آخرکار مشرقِ وسطیٰ میں دو طیارہ بردار جہاز بھیجنے پر سنجیدگی سے غور کر رہا ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ’کوئی بات نہیں، وزیرِ اعظم سٹارمر اب ہمیں ان کی ضرورت نہیں رہی لیکن ہاں ہم یہ سب یاد رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں ایسے لوگوں کی ضرورت نہیں جو جنگ میں اس وقت شامل ہوں جب ہم پہلے ہی اس جنگ کو جیت چکے ہوں۔