بیروت میں ایرانی فورسز پر حملے کا اسرائیلی فوج کا دعویٰ۔ہوٹل پر بھی حملہ۔4ہلاک۔10زخمی

بیروت میں سرگرم قدس فورس کے لبنان کور کے اہم کمانڈروں کو ہدف بنایا گیا ہے

               
March 8, 2026 · بام دنیا
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے بیروت میں ایرانی فورسز کو نشانہ بنایا ہے۔ ایک بیان میں بتایا گیا کہ یہ ایک ’درست حملہ‘ تھا جس میں قدس فورس کے لبنان کور کے اہم کمانڈروں کو ہدف بنایا گیا جو بیروت میں سرگرم تھے۔ قدس فورس پاسدارانِ انقلاب کا بیرونِ ملک کارروائیوں کا وِنگ ہے۔ لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی فضائی حملے میں بیروت کے ایک ہوٹل کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس میں 4افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے ہیں۔

آئی ڈی ایف نے اس ہفتے کے آغاز میں دعویٰ کیا تھا کہ اس نے لبنان کور کے عبوری کمانڈر داؤد علی زادہ کو ہلاک کر دیا ہے۔ تازہ بیان میں کہا گیا کہ قدس فورس اسرائیل اور اس کے شہریوں کے خلاف دہشت گردانہ حملوں کو آگے بڑھانے کے لیے سرگرم تھی اور اسرائیلی فوج ’جہاں کہیں بھی ایرانی کمانڈر موجود ہوں، انھیں درستگی کے ساتھ ہلاک کرتی رہے گی‘۔

بیان میں حملے کی درست جگہ نہیں بتائی گئی اور ایرانی حکام نے اب تک اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ چند گھنٹے پہلے آئی ڈی ایف نے کہا تھا کہ اس نے بیروت کے ضاحیہ علاقے میں حزب اللہ کے ڈھانچے پر حملوں کی ایک نئی لہر شروع کی ہے۔

اس سے قبل لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی فضائی حملے میں بیروت کے ایک ہوٹل کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس میں 4افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے ہیں۔ یہ واقعہ بیروت کے مرکزی علاقے میں پیش آیا۔

یہ حملہ اس وقت ہوا ہے جب خطے میں کشیدگی پہلے ہی شدید ہے، اور شہری علاقوں پر حملے مزید تشویش پیدا کر رہے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جس ہوٹل پر فضائی حملہ ہوا اور جہاں چار افراد ہلاک ہوئے، وہاں جنوبی لبنان اور بیروت کے جنوبی مضافات میں جاری لڑائی سے بے گھر ہونے والے لوگ رہائش پذیر تھے۔