ایران6 ماہ تک جنگ جاری رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پاسداران انقلاب
امریکی اور اسرائیلی اڈوں اور تنصیبات میں 200 سے زائد مقامات کو نشانہ بنایا گیا
ایران کی مسلح افواج نے علاقے میں امریکی اور اسرائیلی اہداف کے خلاف جدید آپریشنز کے ذریعے اہم دفاعی اور جاسوسی تنصیبات کو مفلوج کر دیا ہے۔ پاسداران انقلاب کے ترجمان علی محمد نائینی کے مطابق ایران کی افواج کم از کم چھ ماہ تک جاری رہنے والی شدید جنگ کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
نائینی نے کہا کہ اب تک کیے جانے والے حملوں میں 200 سے زائد امریکی اور اسرائیلی مقامات کو نشانہ بنایا گیا، جن میں تقریباً 60 فیصد امریکی اور 40 فیصد اسرائیلی اہداف شامل تھے۔ ابتدائی آپریشنز میں زیادہ تر پہلی اور دوسری جنریشن کے میزائل استعمال کیے گئے، جبکہ اگلے مراحل میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے جدید میزائل استعمال کیے جائیں گے۔
آئی آر جی سی کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل علی محمد نائینی نے بتایا کہ اس آپریشن میں سات اعلیٰ درجے کے ریڈار مکمل طور پر تباہ ہو گئے، جن میں اسٹریٹجک ایف پی ایس ریڈار (ڈیزرٹ آئی)، THAAD سسٹم ریڈار (TPY) اور دیگر جدید ترین ریڈار شامل ہیں۔ ان تنصیبات کی تباہی کے بعد خطے میں امریکی نگرانی، فضائی دفاع اور جوابی کارروائیوں کا ایک بڑا حصہ غیر فعال ہو گیا ہے، جس سے ایران کی حملوں کی اگلی لہروں کے لیے علاقائی فضائی حدود کھل گئی ہیں۔
یہ کارروائیاں ایران کی طرف سے خطے میں اپنی عسکری طاقت اور دفاعی صلاحیت کا مظاہرہ قرار دی جا رہی ہیں۔