بنگلہ دیش میں افواہوں کے باعث پیٹرول پمپس پر رش
مشرق وسطیٰ میں کشیدگی سے متعلق خبروں کے بعد شہریوں نے احتیاطاً اضافی ایندھن خریدنا شروع کر دیا
بنگلہ دیش میں ایندھن کی قلت کی افواہوں کے بعد مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس پر رش دیکھنے میں آیا ہے، تاہم حکومت نے واضح کیا ہے کہ ملک میں ایندھن کے وافر ذخائر موجود ہیں اور قلت کا کوئی خطرہ نہیں۔
حکام کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کشیدگی سے متعلق خبروں کے بعد شہریوں نے احتیاطاً اضافی ایندھن خریدنا شروع کر دیا جس کے باعث دارالحکومت ڈھاکا سمیت کئی شہروں میں پیٹرول پمپس پر غیر معمولی رش دیکھا گیا۔
سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ صورت حال زیادہ تر گھبراہٹ میں کی جانے والی خریداری کے باعث پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دو آئل ٹینکر پیر کے روز ملک پہنچ جائیں گے جس کے بعد ایندھن کی سپلائی مزید بہتر ہو جائے گی۔
حکام کے مطابق ڈپو سے باقاعدہ سپلائی جاری ہے اور نئی کھیپ پہنچنے کے بعد حالات جلد معمول پر آنے کی توقع ہے۔