چین میں روبوٹ نے پہلی بار پاور لائن کی مرمت کر دی
روبوٹ انسان الیکٹریشن کی جگہ استعمال کیا گیا، جس نے 10 کلو واٹ کی پاور لائن کی مرمت کا کام انجام دیا۔
چین میں بجلی کی مرمت کے کام میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایک روبوٹ کے ذریعے پاور لائن کی کامیاب مرمت کر دی گئی۔
رپورٹس کے مطابق وہان اسٹیٹ گرڈ کی جانب سے تیار کیا گیا روبوٹ انسان الیکٹریشن کی جگہ استعمال کیا گیا، جس نے 10 کلو واٹ کی پاور لائن کی مرمت کا کام انجام دیا۔
یہ روبوٹ رِجڈ انسولیشنز کو ہٹانے، ذیلی تاروں کو مرکزی تار سے جوڑنے اور کنیکشن کو درست انداز میں کسنے کے لیے جدید لیزر کٹنگ ٹیکنالوجی استعمال کرتا ہے۔ کمپنی کے ٹیکنیشن وو شِن کے مطابق یہ روبوٹ پیچیدہ وائرنگ میں بھی درست سمت کا تعین کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ تجربہ ہوبئی صوبہ کے علاقے چنگشین میں کیا گیا، جس کا مقصد سخت اور خطرناک ماحول میں بجلی کے کام انجام دینے والے افراد کی حفاظت کو بہتر بنانا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس ٹیکنالوجی سے بجلی کے کام کے دوران حادثات اور اموات کے خطرات کو نمایاں طور پر کم کیا جا سکتا ہے۔