ایرانی ’جارحیت‘ کے خلاف دفاع کا حق رکھتے ہیں ، متحدہ عرب امارات
متحدہ عرب امارات کا مزید 16 بیلسٹک میزائل اور 113 ڈرونز گرانے کا دعویٰ
فائل فوٹو
ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ‘ایران کی ظالمانہ جارحیت اور بلاجواز کارروائی کے خلاف اپنے دفاع میں اقدامات کر رہا ہے۔
وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران نے متحدہ عرب امارات پر 1,400 سے زیادہ ڈرون حملے کیے ہیں، جن کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔
وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ حملے یہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے اور ملک ’خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر حملہ ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’وہ کسی بھی تنازع یا کشیدگی میں شامل نہیں ہونا‘ چاہتے لیکن یہ بھی واضح کرنا چاہتے ہیں کہ وہ بین الاقوامی قانون کے تحت ’اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا پورا حق رکھتے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کا مزید 16 بیلسٹک میزائل اور 113 ڈرونز گرانے کا دعویٰ
متحدہ عرب امارات نے اتوار کے روز 16 بیلسٹک میزائل اور 113 ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے مجموعی طور پر 17 بیلسٹک میزائلوں کی نشاندہی کی جن میں سے 16 کو مار گرایا گیا جبکہ ایک سمندر میں گر گیا۔
وزارت کے مطابق فضائی نظام نے 117 ڈرونز کی بھی نشاندہی کی جس میں سے 113 مار گرائے گئے جبکہ چار ملک کی حدود میں گرے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک ملک کے فضائی دفاعی نظام نے مجموعی طور پر 238بیلسٹک میزائلوں کی نشاندہی کی جن میں سے 221 کو مار گرایا گیا، 15 سمندر میں گر کر تباہ ہوئے جبکہ دو ملک کی حدود میں گرے ہیں۔ اس کے علاوہ اب تک آٹھ کروز میزائلوں کا پتا لگا کر انھیں مار گرایا گیا ہے۔
ایک ہفتے سے زائد عرصے سے جاری حملوں کے نتیجے میں اب تک ملک بھر میں چار افراد ہلاک جبکہ 112 زخمی ہو چکے ہیں۔ مرنے والوں کا تعلق پاکستان، بنگلہ دیش اور نیپال سے ہے۔