خیبرپختونخوا میں تمام جامعات اور کالجز ہفتے میں دو دن بند رکھنے کا فیصلہ
تمام سرکاری و نجی جامعات، ڈگری ایوارڈنگ ادارے اور کالجز ہر ہفتے جمعہ اور ہفتہ کو بند رہیں گے ، محکمہ تعلیم
فائل فوٹو
پشاور: حکومت خیبرپختونخوا نے صوبے میں جاری ایندھن کے بحران اور قیمتوں کی صورتحال کے پیش نظر تعلیمی اداروں کے لیے بڑا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت تمام سرکاری و نجی جامعات اور ڈگری ایوارڈنگ اداروں کے اوقات کار میں عارضی تبدیلی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
ہائیر ایجوکیشن، آرکائیوز اینڈ لائبریریز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ نوٹیفکیشن کے مطابق، اب صوبے بھر کی تمام سرکاری و نجی جامعات، ڈگری ایوارڈنگ ادارے اور کالجز ہر ہفتے جمعہ اور ہفتہ کو بند رہیں گے۔
ہائبرڈ اور آن لائن تدریس پر زور نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ تعلیمی ادارے ایندھن کی بچت کے لیے متبادل تدریسی طریقہ کار اپنائیں اور باقی ایام میں ہائبرڈ یا آن لائن کلاسز کو ترجیح دی جائے۔ اس اقدام کا مقصد ایندھن کی فراہمی میں مشکلات کے دوران تعلیمی سلسلے کو بغیر کسی بڑی رکاوٹ کے جاری رکھنا ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق ابتدائی طور پر دو ماہ کے لیے ہوگا اور نئی ہدایات جاری ہونے تک موجودہ انتظامات برقرار رہیں گے۔ تمام جامعات کے وائس چانسلرز اور متعلقہ اداروں کے سربراہان کو اس فیصلے پر فوری عملدرآمد کے لیے مراسلے ارسال کر دیے گئے ہیں۔