توانائی بحران کا خدشہ ختم ، پیٹرول سے لدے 4 جہاز بن قاسم پہنچ گئے
پورٹ قاسم پر ان جہازوں کی ہنگامی بنیادوں پر برتھنگ جاری ہے، حکام
فائل فوٹو
کراچی: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فوری بعد پیٹرول سے لدے 4 جہاز پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق پورٹ حکام کے مطابق تقریباً 25 کروڑ لیٹر پیٹرول سے لدے جہاز پورٹ قاسم پہنچ گئے۔
خلیجی ممالک سے خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات لے کر آنے والے تیل بردار جہاز پاکستان پہنچنا شروع ہوگئے ہیں اور پورٹ قاسم پر ان جہازوں کی ہنگامی بنیادوں پر برتھنگ جاری ہے۔
پورٹ قاسم انتظامیہ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ سے روانہ ہونے والا تیل بردار جہاز ایم ٹی نیو ایٹرو پاس پورٹ قاسم پہنچ گیا ہے، جو فوٹکو آئل ٹرمینل پر لنگر انداز ہوا۔ جہاز تقریباً 50 ہزار میٹرک ٹن خام تیل لے کر آیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ 55 ہزار ٹن سے لدا پیٹرول کا ایک اور جہاز 12 مارچ کو لنگر انداز ہوگا جبکہ مزید ایک اور جہاز 13 مارچ کو لنگر انداز ہو گا اور 34 ہزار ٹن پیٹرول اتارے گا۔