بحرین: ایرانی حملوں کی ویڈیوز بنانے والے 5 پاکستانی بھی گرفتار

ملک کے پبلک پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی ہے ،ملزمان کو سزائے موت ملنی چاہیے۔

               
March 10, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

بحرین کی وزارتِ داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف اینٹی کرپشن اینڈ اکنامک اینڈ الیکٹرانک سکیورٹی کے تحت قائم اینٹی سائبر کرائم ڈائریکٹوریٹ نے چھ ایشیائی باشندوں کی شناخت کر کے انہیں گرفتار کر لیا ہے۔

گرفتار ہونے والوں کے نام محمد معز اکبر (پاکستانی)، افضل خان (پاکستانی)، احمد ممتاز (پاکستانی)، محمد اسرافیل میر (بنگلہ دیشی)، ارسلان علی ساجد (پاکستانی) اور عبدالرحمان عبدالستار (پاکستانی) بتائے گئے ہیں۔

ملک کے پبلک پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ایرانی حملوں کے بعد بعض ملزمان نے مقامات کی فلمبندی کی اور انھوں نے بحرین کے ساتھ غداری کی ہے لہذا انھیں سزائے موت ملنی چاہیے۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ کیس کن ملزمان سے متعلق تھا۔

حکام کے مطابق ان افراد نے ایرانی حملوں کے اثرات سے متعلق ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شائع اور دوبارہ شیئر کیں، جن میں مبینہ طور پر ایران کی جانب سے کی گئی کارروائیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار اور ان کی تعریف کی گئی تھی، جس سے ملک کی سلامتی اور عوامی نظم و ضبط کو نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہوا۔

وزارتِ داخلہ کے مطابق یہ ویڈیوز ملزمان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے پھیلائی گئیں جس کے نتیجے میں عوامی رائے کو گمراہ کرنے اور شہریوں و رہائشیوں میں خوف و ہراس پھیلانے کا سبب بنا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے اور انہیں مزید کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

وزارتِ داخلہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ معلومات حاصل کرنے کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر انحصار کریں اور غیر مصدقہ ویڈیوز یا خبروں کو شیئر کرنے یا دوبارہ پھیلانے سے گریز کریں تاکہ قانونی ذمہ داری سے بچا جا سکے اور ملک کے امن و سلامتی کے تحفظ میں مدد دی جا سکے۔