ایران جنگ فوری ختم کی جائے، اسلام میں سنی اور شیعہ کی کوئی تقسیم نہیں،ترک صدر

ترکی خطے کے بحرانوں سے لاتعلق نہیں ہے اور ضرورت کے وقت اپنے دوستوں اور بھائیوں سے منہ نہیں موڑتا۔

               
March 11, 2026 · بام دنیا

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے ایران کے ساتھ جاری امریکا اور اسرائیل کی جنگ فوری ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر اس تنازع کو نہ روکا گیا تو یہ پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔

انقرہ میں اپنی جماعت کے پارلیمانی گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر اردوان نے کہا کہ ترکی مسلسل کوشش کر رہا ہے کہ فریقین دوبارہ مذاکرات کی میز پر آئیں اور سفارت کاری کا عمل بحال کیا جائے۔

ان کے مطابق اگر موقع دیا جائے تو سفارتی حل مکمل طور پر ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال انتہائی حساس ہے، اسی لیے ترکی محتاط انداز میں بیانات دے رہا ہے اور اپنے اردگرد کے تنازعات سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات بھی کر رہا ہے۔

صدر اردوان کا کہنا تھا کہ ترکی خطے کے بحرانوں سے لاتعلق نہیں ہے اور ضرورت کے وقت اپنے دوستوں اور بھائیوں سے منہ نہیں موڑتا۔

انقرہ ایسے خونی منظرناموں کے خلاف اقدامات کر رہا ہے جو خاص طور پر فرقہ وارانہ فسادات کو ہوا دے سکتے ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ترکی نے کبھی بھی لوگوں کو نسل یا فرقے کی بنیاد پر تقسیم نہیں کیا اور نہ ہی آئندہ ایسا کرے گا۔

صدر اردوان نے واضح الفاظ میں کہا کہ اسلام میں سنی یا شیعہ کے نام سے کوئی الگ مذہب نہیں، مسلمانوں کا صرف ایک ہی دین ہے اور وہ اسلام ہے۔