جنگ کے باوجود دبئی گولڈن ویزا کی طلب برقرار، خلیج ٹائمز کا دعویٰ

غیر ملکی میڈیا نے خوف کا تاثر دیا لیکن لوگ جائیداد یا تنخواہ کی بنیاد پر ویزے میں دلچسپی لے رہے ہیں، اخبار

               
March 12, 2026 · امت خاص, بام دنیا

خطے میں جاری کشیدگی اور میزائل و ڈرون حملوں کے باوجود متحدہ عرب امارات میں گولڈن ویزا کے لیے دلچسپی برقرار ہے اور پیشہ ور افراد و سرمایہ کار بدستور طویل مدتی رہائش کے لیے درخواستیں دے رہے ہیں۔ یہ دعویٰ خلیج ٹائمز کی ایک رپورٹ میں کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ویزا کنسلٹنٹس اور سروس سینٹرز کا کہنا ہے کہ علاقائی تناؤ کے باوجود متعدد رہائشی اور سرمایہ کار یو اے ای میں طویل مدتی رہائش حاصل کرنے کے منصوبوں پر عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق اس رجحان کو ملک کی معاشی استحکام اور مستقبل پر اعتماد کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔

28 فروری کے بعد ایران نے امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے جواب میں خلیجی ممالک، جن میں متحدہ عرب امارات بھی شامل ہے، پر میزائل اور ڈرون حملے کیے تھے۔ ان حملوں کے نتیجے میں خطے کے مختلف حصوں میں شہری ہلاکتیں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔

خلیج ٹائمز نے لکھا کہ بین الاقوامی میڈیا کی بعض رپورٹس میں خلیج سے لوگوں کے انخلا اور خوف و ہراس کے مناظر دکھائے گئے، تاہم یو اے ای کے کاروباری حلقوں اور صنعت سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ زمینی صورتحال نسبتاً متوازن ہے اور معاشی سرگرمیاں جاری ہیں۔

دبئی ایئرپورٹ فری زون اتھارٹی کے ایک سروس سینٹر کے منیجنگ ڈائریکٹر ثانی بی مبارک کے مطابق پراپرٹی کے ذریعے حاصل کیے جانے والے گولڈن ویزا میں خاصی دلچسپی دیکھی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کئی جائیداد مالکان طویل مدتی رہائش پروگرام کے لیے درخواست دے رہے ہیں، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ سرمایہ کار اپنے اثاثے فروخت کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔

ان کے بقول چونکہ گولڈن ویزا جائیداد سے منسلک ہوتا ہے اور جائیداد فروخت کرنے سے پہلے ویزا منسوخ کرنا پڑتا ہے، اس لیے پراپرٹی کے ذریعے درخواست دینے والے سرمایہ کار دراصل طویل عرصے تک ملک میں رہنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہیں۔

مبارک نے مزید بتایا کہ کئی ایسے افراد بھی اپنے اہل خانہ کے لیے گولڈن ویزا حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو پہلے ہی اس پروگرام کے تحت ویزا لے چکے ہیں۔

ادھر عربین بزنس سینٹر کے منیجنگ ڈائریکٹر فیروز خان کا کہنا ہے کہ ان کی کمپنی کو بھی پراپرٹی اور تنخواہ کی بنیاد پر گولڈن ویزا کے لیے مسلسل کیوریز موصول ہو رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بعض درخواست گزار اپنے ویزا کی درخواست کو تیزی سے نمٹانے کی درخواست بھی کر رہے ہیں، جو یو اے ای اور اس کی قیادت پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔

فیروز خان کے مطابق اس وقت زیادہ تر استفسارات کاروباری مالکان، پراپرٹی سرمایہ کاروں اور زیادہ تنخواہ لینے والے پیشہ ور افراد کی جانب سے آ رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق عالمی کاروباری رہنماؤں اور سرمایہ کاروں نے بھی حالیہ کشیدگی کے باوجود یو اے ای کی معیشت اور استحکام پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، اور ان کا کہنا ہے کہ ملک ماضی میں بھی عالمی غیر یقینی صورتحال کے دوران خود کو سنبھالنے کی صلاحیت دکھا چکا ہے۔