واشنگٹن میں ٹرمپ اور جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کا مجسمہ نصب

مجسمے میں دونوں شخصیات کو اسی انداز میں پیش کیا گیا ہے جبکہ اطراف میں بینرز اور تختیاں بھی نصب کی گئی ہیں جن پر تصاویر اور طنزیہ پیغامات درج ہیں۔

               
March 12, 2026 · بام دنیا

واشنگٹن: امریکی دارالحکومت میں ایک متنازع فن پارہ نصب کیے جانے کے بعد سیاسی اور سماجی حلقوں میں بحث چھڑ گئی ہے۔

نیشنل مال کے علاقے میں نصب کیے گئے اس مجسمے میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور بدنام زمانہ مالیاتی شخصیت جیفری ایپسٹین کو فلم ٹائی ٹینک کے مشہور منظر کی طرز پر دکھایا گیا ہے۔ اس فن پارے کا عنوان “کنگ آف دی ورلڈ” رکھا گیا ہے، جو فلم کے اس معروف منظر کی یاد دلاتا ہے جہاں کردار جہاز کے اگلے حصے پر کھڑے نظر آتے ہیں۔

مجسمے میں دونوں شخصیات کو اسی انداز میں پیش کیا گیا ہے جبکہ اطراف میں بینرز اور تختیاں بھی نصب کی گئی ہیں جن پر تصاویر اور طنزیہ پیغامات درج ہیں۔

یہ انسٹالیشن فنکاروں کے ایک گروپ کی جانب سے تیار کی گئی ہے جو ماضی میں بھی اسی نوعیت کے تنقیدی اور علامتی فن پارے پیش کر چکا ہے۔ اس بار بھی اس کام کے ذریعے دونوں شخصیات کے ماضی کے تعلقات کو طنزیہ انداز میں فلمی کرداروں سے تشبیہ دی گئی ہے۔

مجسمہ نصب ہونے کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے متضاد ردعمل سامنے آیا ہے۔ بعض افراد اسے اظہار رائے کی آزادی اور فنکارانہ تنقید قرار دے رہے ہیں، جبکہ کچھ ناقدین کے نزدیک یہ اقدام غیر مناسب اور حد سے زیادہ متنازع ہے۔