ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاور ہٹنگ کے نئے ریکارڈز قائم

مجموعی طور پر 780 چھکے لگائے گئے، جو 2024 کے ایڈیشن میں لگنے والے 517 چھکوں کے مقابلے میں تقریباً 51 فیصد زیادہ ہیں۔

               
March 12, 2026 · اسپورٹس

ٹی 20 ورلڈ کپ میں بیٹرز کی جارحانہ بیٹنگ نے نئے ریکارڈز قائم کر دیے اور ٹورنامنٹ کے دوران چھکوں کی بارش دیکھنے میں آئی۔

رپورٹس کے مطابق ایونٹ میں مجموعی طور پر 780 چھکے لگائے گئے، جو 2024 کے ایڈیشن میں لگنے والے 517 چھکوں کے مقابلے میں تقریباً 51 فیصد زیادہ ہیں۔ چھکوں کی اس بڑی تعداد نے ایک بار پھر بیٹ اور بال کے درمیان توازن پر بحث چھیڑ دی ہے۔

ٹورنامنٹ کے دوران 200 رنز کا ہدف ریکارڈ 14 مرتبہ عبور کیا گیا، جبکہ فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف بھارت نے 255 رنز بنا کر ٹی 20 کرکٹ میں بڑے اسکور کی نئی مثال قائم کی۔ 250 سے زائد رنز کے مجموعوں میں سے تین میزبان ٹیم کے حصے میں آئے۔

ایونٹ کے دوران مجموعی اسٹرائیک ریٹ 134 تک پہنچ گیا، جو اس مقابلے کی تاریخ میں سب سے زیادہ قرار دیا جا رہا ہے۔

سابق انگلینڈ کپتان مائیکل وان نے اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ شائقین کو شاندار بیٹنگ دیکھنے کو ملی، تاہم بیٹ اور بال کے درمیان توازن برقرار نظر نہیں آیا۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کے کوچ روب والٹر کا کہنا تھا کہ اگر شائقین اس انداز کی کرکٹ سے لطف اندوز ہو رہے ہیں تو اس پر زیادہ شکایت نہیں ہونی چاہیے، البتہ کھیل میں مقابلے کا توازن برقرار رہنا بھی ضروری ہے۔