فائیو جی انٹرنیٹ کی نیلامی کا دوسرا مرحلہ شروع

نیلامی کے اس مرحلے میں 2600 میگا ہرٹز سپیکٹرم کی پوزیشن کے لیے بولی کا آغاز کیا گیا، جس میں ملک کی تین بڑی ٹیلی کام کمپنیاں آن لائن حصہ لے رہی ہیں۔

               
March 12, 2026 · اہم خبریں

 

اسلام آباد: پاکستان میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی کے دوسرے مرحلے کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ عمل پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے زیر اہتمام جاری ہے۔

تقریب میں چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان، بورڈ کے اراکین اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہیں۔ نیلامی کے اس مرحلے میں 2600 میگا ہرٹز سپیکٹرم کی پوزیشن کے لیے بولی کا آغاز کیا گیا، جس میں ملک کی تین بڑی ٹیلی کام کمپنیاں آن لائن حصہ لے رہی ہیں۔

پی ٹی اے کے مطابق فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی کے ہر راؤنڈ کا دورانیہ 15 منٹ رکھا گیا ہے۔ ادارے کی جانب سے مجموعی طور پر 600 میگا ہرٹز سپیکٹرم نیلامی کے لیے پیش کیا گیا ہے، جبکہ موجودہ مرحلے میں آپریٹرز مختلف بینڈز کی پوزیشننگ کے لیے بولی لگا رہے ہیں۔

ڈی جی لائسنسنگ عامر شہزاد کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر 2600 میگا ہرٹز بینڈ کے لیے بولی لگائی جا رہی ہے، جبکہ 3500 میگا ہرٹز بینڈ کے لیے بولی بعد کے مرحلے میں ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ اگر کسی ایک پوزیشن کے لیے ایک سے زیادہ آپریٹرز دلچسپی ظاہر کریں گے تو بولی کا عمل آگے بڑھے گا اور اگلے مرحلے میں قیمت میں اضافہ بھی کیا جائے گا۔