پاکستان نے ایران پر حملوں کی مذمت اور کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ کر دیا

پاکستان برادر ملک ایران کی خودمختاری اور سلامتی کی حمایت کرتا ہے اور کسی بھی ملک پر غیر ضروری حملے پورے خطے کو ایک بڑے تنازع کی طرف دھکیل سکتے ہیں

               
March 12, 2026 · اہم خبریں

نیویارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایران پر حملوں کی مذمت کی اور خطے میں فوری کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ کیا۔

عاصم افتخار نے کہا کہ ایران پر ہونے والے حملوں نے نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن و استحکام کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ پاکستان برادر ملک ایران کی خودمختاری اور سلامتی کی حمایت کرتا ہے اور کسی بھی ملک پر غیر ضروری حملے پورے خطے کو ایک بڑے تنازع کی طرف دھکیل سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حالیہ حملوں میں متحدہ عرب امارات پر دو پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے اور خلیجی ممالک میں مقیم لاکھوں پاکستانی شہری متاثر ہوئے ہیں۔ اس کشیدگی کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور فضائی آپریشنز بھی متاثر ہوئے ہیں۔

پاکستانی مندوب نے زور دیا کہ میزائل اور ڈرون حملوں سے شہری آبادی اور املاک کو نقصان پہنچ رہا ہے، جو بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کا حل طاقت کے استعمال میں نہیں بلکہ مذاکرات اور سفارتکاری میں ہے، اور تمام فریقین پر بین الاقوامی انسانی قوانین کی پاسداری کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

عاصم افتخار نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر کشیدگی کم کی جائے، مزید حملوں سے گریز کیا جائے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے مذاکرات کو موقع دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کشیدگی کم کرنے اور امن قائم کرنے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔