ایران نے آبنائے ہرمز میں بھارتی آئل ٹینکر تباہ کردیا
جنگی بحری جہاز کی تباہی کا بدلہ یا کچھ ٹینکر کو پہلے گزرنے کی اجازت دی گئی تھی، بھارتی ذرائع
آئل ٹینکر وشنو کی تباہی کا منظر
مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے دوران ایران نے آبنائے ہرمز میں ایک بھارتی آئل ٹینکر کو تباہ کر دیا ہے۔ بھارتی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ایران نے پہلے ٹینکر کو گزرنے کی اجازت دی اور پھر تباہ کردیا۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب عراقی شہر بصرہ کے قریب خلیج کے پانیوں میں بحری آئل ٹینکر وشنو کو نشانہ بنایا۔ حملے میں ایک بھارتی ملاح ہلاک ہوگیا۔ شروع میں اسے امریکی آئل ٹینکر قرار دیا گیا تاہم جمعرات کو بھارتی وزارت خارجہ نے ٹینکر کے بھارت سے تعلق کو تسلیم کرلیا۔ ٹینکر پر مارشل آئی لینڈز کا پرچم تھا۔
بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق ٹینکر کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 2 بجے نشانہ بنایا گیا۔ ٹینکر پر حملے کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس کے ساتھ کہا جا رہا ہے کہ ٹینکر کو آگے بڑھنے سے روکنے کیلئے وارننگ دی گئی تھی اور نہ رکنے پر اسے نشانہ بنایا گیا۔۔
ایک روز قبل ہی بھارت نے اعلان کیا تھا کہ ایران نے اس کے جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دے دی ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال کے مطابق دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان تین مرتبہ گفتگو ہوئی جس میں آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی سیکیورٹی اور بھارت کی توانائی ضروریات زیر بحث آئیں۔
ایک بھارتی حکومتی ذریعے نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے بھارتی پرچم والے آئل ٹینکروں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دینے کی یقین دہانی کرائی ہے، تاہم ایران کے ایک ذریعے نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے کوئی باقاعدہ معاہدہ نہیں ہوا۔
بھارتی حکام کے مطابق اس وقت آبنائے ہرمز کے مشرق اور مغرب میں بھارت کے پرچم والے 28 جہاز موجود ہیں جن پر 778 بھارتی ملاح سوار ہیں، اور ان کی سلامتی کے لیے سفارت خانوں اور مقامی حکام کے ساتھ رابطہ رکھا جا رہا ہے۔
WATCH: The moment the U.S.-linked oil tanker Safesea Vishnu was hit in the northern Persian Gulf after allegedly ignoring warnings from Iran’s IRGC Navy.
One Indian crew member was killed. pic.twitter.com/WOxTnXkKDx
— Clash Report (@clashreport) March 12, 2026
ایران کی جانب سے بھارتی آئل ٹینکر کی تباہی سے کچھ دن قبل بھارت سے واپس لوٹنے والے جنگی بحری جہاز کو امریکہ نے تباہ کردیا تھا۔