سعودی عرب میں فوجی اڈے پر ایرانی حملے میں 5 امریکی طیارے تباہ

انکشاف امریکی اخبار نے کیا، ری فیولنگ طیاروں کو دوبارہ قابل استعمال بنانے کی کوشش جاری ہے، وال اسٹریٹ جرنل

               
March 14, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا

امریکہ کا کے سی 135 ری فیولنگ طیارہ۔ فائل فوٹو

سعودی عرب کے پرنس سلطان ایئر بیس پر حالیہ ایرانی میزائل حملے کے نتیجے میں امریکی فضائیہ کے 5 ری فیولنگ ٹینکر طیاروں کو نقصان پہنچا، اس بات کا انکشاف امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے کیاہے۔

اخبار کے مطابق دو امریکی حکام نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔

امریکی حکام کے مطابق حملہ حالیہ دنوں میں ایرانی میزائلوں کے ذریعے کیا گیا جس میں زمین پر موجود امریکی فضائیہ کے ایندھن فراہم کرنے والے طیارے نشانہ بنے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں طیاروں کو جزوی نقصان پہنچا تاہم وہ مکمل طور پر تباہ نہیں ہوئے۔

اخبار کے مطابق متاثر ہونے والے طیارے KC-135 ماڈل کے ری فیولنگ ٹینکر ہیں، جو فضائی کارروائیوں کے دوران جنگی طیاروں کو فضا میں ہی ایندھن فراہم کرنے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔

امریکہ کا ایسا ہی ایک ری فیولنگ طیارہ چند دن پہلے عراق میں ری فیولنگ کے دوران تباہ ہوگیا تھا۔ امریکی حکام نے اسے حادثہ قرار دیا۔

ایک امریکی اہلکار کے مطابق حملے کے بعد سعودی عرب میں طیاروں کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور انہیں دوبارہ فعال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

حکام نے بتایا کہ میزائل حملے میں کسی فوجی اہلکار کی ہلاکت یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

پرنس سلطان ایئر بیس سعودی دارالحکومت ریاض سے 70 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔

امریکی فوج کے مشرق وسطیٰ میں آپریشنز کی نگرانی کرنے والے کمانڈ ہیڈکوارٹر سینٹ کام نے اس واقعے پر باضابطہ تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حملے نے خطے میں امریکی فوجی تنصیبات کی سیکیورٹی کے حوالے سے نئے سوالات پیدا کر دیے ہیں۔ بعض رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حالیہ کشیدگی کے دوران مختلف واقعات میں امریکی طیاروں کو ہونے والے نقصان کی مجموعی تعداد بڑھ رہی ہے۔