بنگلا دیش کے خلاف متنازع رن آؤٹ، سلمان آغا کا ردعمل آگیا
ڈھاکا کے شیر بنگلا کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ کے دوران بنگلا دیش کے کپتان مہدی حسن میراز نے سلمان علی آغا کو نان اسٹرائیکر اینڈ پر رن آؤٹ کیا
بنگلا دیش کے خلاف متنازع رن آؤٹ، سلمان آغا کا ردعمل آگیا
پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹر سلمان علی آغا نے بنگلا دیش کے خلاف دوسرے ون ڈے میں متنازع رن آؤٹ پر اپنا ردعمل دیا ہے۔ آغا نے کہا کہ اگر وہ مخالف کھلاڑی کی جگہ ہوتے تو اس موقع پر شاید مختلف فیصلہ کرتے۔
ڈھاکا کے شیر بنگلا کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ کے دوران بنگلا دیش کے کپتان مہدی حسن میراز نے سلمان علی آغا کو نان اسٹرائیکر اینڈ پر رن آؤٹ کیا، جس پر پاکستانی بیٹر نے میدان سے باہر جاتے ہوئے غصے کا اظہار کیا۔ سابق کرکٹرز رمیز راجہ اور حمد حفیظ نے بھی اس اقدام کو اسپورٹس مین اسپرٹ کے خلاف قرار دیا اور مہدی حسن کو سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں سلمان علی آغا نے کہا کہ قانون کے مطابق رن آؤٹ درست تھا، لیکن اس موقع پر اسپورٹس مین اسپرٹ کو ترجیح دینی چاہیے تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گیند پیڈ اور بیٹ سے لگنے کے بعد ڈیڈ ہو چکی تھی، اسی وجہ سے وہ گیند واپس بولر کو دینے کی کوشش کر رہے تھے۔
میچ کی تفصیلات کے مطابق، پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 47.3 اوورز میں 274 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کی بیٹنگ بارش کی وجہ سے رک گئی، اور دوبارہ شروع ہونے پر 32 اوورز میں 243 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی، پوری ٹیم صرف 114 رنز بنا سکی۔ پاکستان ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 128 رنز سے کامیاب ہوا۔
اس طرح تین ایک روزہ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی ہے اور فیصلہ کن میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔