بجلی کی مرمت اب روبوٹ کے ذمہ، چین میں جدید ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ

اس منصوبے کا مقصد ایسے خطرناک اور مشکل حالات میں کام کرنے والے بجلی کے عملے کی حفاظت کو بہتر بنانا ہے

               
March 14, 2026 · بام دنیا

چین میں بجلی کی ہائی ٹینشن لائنوں کی مرمت کے لیے تیار کیا گیا ایک جدید روبوٹ اپنی صلاحیتوں کی وجہ سے توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ الیکٹریشن روبوٹ ہوبی الیکٹرک پاور ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور ووہان اسٹیٹ گرڈ کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے، جس کا مقصد بجلی کی لائنوں کی مرمت کو زیادہ محفوظ اور مؤثر بنانا ہے۔

یہ روبوٹ جدید پریسائز لیزر کٹنگ ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے نہایت مہارت کے ساتھ ذیلی تاروں کو مرکزی تار سے جوڑ سکتا ہے، کنکشن کو درست طریقے سے فٹ کر سکتا ہے اور دیگر تکنیکی مسائل بھی حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ووہان اسٹیٹ گرڈ سے وابستہ ایک ٹیکنیشن وو ژین کے مطابق یہ روبوٹ پیچیدہ وائرنگ اور مشکل ماحول میں بھی مؤثر انداز میں کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ٹیکنالوجی کی بدولت انسانی عملے کو براہِ راست خطرناک مقامات پر کام کرنے کی ضرورت کم ہو جائے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس روبوٹ کا عملی تجربہ صوبہ ہوبئی کی کاؤنٹی چونگ شین میں کیا گیا۔ اس منصوبے کا مقصد ایسے خطرناک اور مشکل حالات میں کام کرنے والے بجلی کے عملے کی حفاظت کو بہتر بنانا ہے جہاں انسانی جان کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔