متنازع رن آؤٹ،آئی سی سی نے سلمان آغا کو ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا

یہ اقدام بنگلادیش کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں متنازع رن آؤٹ کے بعد سلمان علی آغا کے ردعمل کے پیشِ نظر کیا گیا۔

               
March 14, 2026 · اسپورٹس

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے بیٹر سلمان علی آغا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا ہے۔ یہ اقدام بنگلادیش کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں متنازع رن آؤٹ کے بعد سلمان علی آغا کے ردعمل کے پیشِ نظر کیا گیا۔

آئی سی سی کے مطابق سلمان علی آغا نے کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول ون کی خلاف ورزی کی، جو میچ کے دوران کرکٹ کے سامان، کپڑوں یا گراؤنڈ کے آلات کے ساتھ نامناسب رویے سے متعلق ہے۔ کپتان کے ریکارڈ میں بھی ایک ڈی میرٹ پوائنٹ شامل کیا گیا ہے۔ سلمان علی آغا نے اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈھاکا کے شیر بنگلا کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش کے کپتان مہدی حسن میراز نے سلمان علی آغا کو نان سٹرائیکر اینڈ پر متنازع رن آؤٹ کیا تھا، جس پر پاکستانی بیٹر نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے میدان چھوڑ دیا۔

سابق پاکستانی کرکٹرز رمیز راجہ اور حمد حفیظ نے مہدی حسن کے اس اقدام کو سپورٹس مین سپرٹ کے منافی قرار دیا تھا، اور سوشل میڈیا پر بھی انہیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔