آسٹریلیا میں عید الفطر کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا
فلکیاتی حساب کتاب یکم شوال کے آغاز میں درستی اور تسلسل کو یقینی بناتا ہے، تاہم مسلم کمیونٹی کے اندر موجود مختلف آراء کا احترام بھی ضروری ہے۔
آسٹریلین فتویٰ کونسل نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک 1447 ہجری کا اختتام جمعرات 19 مارچ کو ہوگا، اور اس کے بعد آسٹریلیا میں یکم شوال اور عید الفطر 20 مارچ بروز جمعہ کو منائی جائے گی۔ یہ فیصلہ مقامی اور بین الاقوامی فلکیاتی مشاہدہ گاہوں کے ساتھ مشاورت اور نئے چاند کی پیدائش، غروبِ مہتاب، اور رویت کے سائنسی تخمینوں کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
آسٹریلین نیشنل امام کونسل اور فتویٰ کونسل نے واضح کیا ہے کہ کچھ علمائے کرام اور ائمہ دیگر طریقہ کار پر بھی عمل کر سکتے ہیں، لہٰذا کمیونٹی پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اختلافات کا احترام کرتے ہوئے اتحاد و یگانگت کو فروغ دیں۔
آسٹریلیا کے مفتی اعظم ڈاکٹر ابراہیم ابو محمد اور دیگر رکن ائمہ نے مسلم کمیونٹی کو عید کی پیشگی مبارکباد پیش کی اور مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ عید کی خوشیوں میں غزہ کے فلسطینی بھائیوں کو اپنی دعاؤں اور عطیات میں یاد رکھیں، اور اپنے پڑوسیوں کے ساتھ میل جول بڑھا کر اسلام کے پرامن اور حقیقی پیغام کو عام کریں۔
کونسل کا کہنا ہے کہ فلکیاتی حساب کتاب یکم شوال کے آغاز میں درستی اور تسلسل کو یقینی بناتا ہے، تاہم مسلم کمیونٹی کے اندر موجود مختلف آراء کا احترام بھی ضروری ہے۔