بھارت کے بوڑھے نیویگیشن سیٹلائٹ سسٹم NavIC کو ایک اور شدید دھچکا
اس کے اہم سیٹلائٹس کام کرنا چھوڑ گئے ہیں اور نظام کی کارکردگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
بھارت کے بوڑھے نیویگیشن سیٹلائٹ سسٹم NavIC کو ایک اور شدید دھچکا لگا ہے، جس کے بعد اس کے اہم سیٹلائٹس کام کرنا چھوڑ گئے ہیں اور نظام کی کارکردگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق NavIC کا ایک اہم سیٹلائٹ ایٹمی کلاک کی خرابی کے سبب ناکارہ ہو گیا، جس سے پورا نیویگیشن سسٹم مزید کمزور ہو گیا۔ بھارت کے سپیس ریسرچ ادارے ISRO اور دفاعی تحقیقاتی ونگ کے مطابق سسٹم کے 11 میں سے صرف 4 سیٹلائٹس فعال ہیں، اور مجموعی طور پر NavIC مطلوبہ آپریشنل حد سے نیچے گر گیا ہے۔
ماہرین نے کہا کہ سیٹلائٹ کی کونسٹیلیشن ریلائبلٹی متاثر ہونے کی وجہ سے نیویگیشن اور کمیونیکیشن کے افعال میں خلل پیدا ہو سکتا ہے۔ بھارت نے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے نئی نسل کے NVS سیریز کے سیٹلائٹس لانچ کرنا شروع کر دیے ہیں، لیکن تکنیکی مشکلات کی وجہ سے یہ منصوبہ سست رہا ہے۔
حکومت کا منصوبہ ہے کہ 2026 تک NVS-03، NVS-04 اور NVS-05 سیٹلائٹس کے لانچ کے ذریعے NavIC سسٹم کو بحال اور مضبوط کیا جائے، اور L1 فریکوئنسی شامل کر کے سمارٹ فونز اور سویلین آلات کے ساتھ مطابقت بہتر بنائی جائے۔
بھارت کی حالیہ ناکامیوں کے بعد ناقدین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ NavIC سسٹم کے مسائل آئندہ بھی جاری رہ سکتے ہیں، جبکہ اس کی خراب کارکردگی نے بھارت کے ٹیکنالوجی کے دعوؤں اور دفاعی نیویگیشن منصوبوں پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔