امریکہ میں 70 سیکنڈ کی ڈکیتی،جیولری اسٹور سے 1.7 ملین ڈالر کے زیورات لوٹ لیے گئے

یہ واقعہ 18 جون 2025 کو جیولری اسٹور کمار جیولرز میں پیش آیا۔ تقریباً دو درجن نقاب پوش افراد گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ اسٹور کے باہر پہنچتے ہیں

               
March 15, 2026 · بام دنیا

امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا کے شہر فریمونٹ میں ایک بھارتی نژاد کاروباری کی جیولری دکان پر ہونے والی بڑی ڈکیتی کی حیران کن ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

امریکی محکمہ انصاف امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے جاری کی گئی نگرانی کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نقاب پوش افراد کا ایک بڑا گروہ صرف 70 سیکنڈ میں لاکھوں ڈالر مالیت کے زیورات لے کر فرار ہو گیا۔یہ واقعہ 18 جون 2025 کو جیولری اسٹور کمار جیولرز میں پیش آیا۔

ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ تقریباً دو درجن نقاب پوش افراد گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ اسٹور کے باہر پہنچتے ہیں اور اچانک دکان پر دھاوا بول دیتے ہیں۔ملزمان نے بلیک ہوڈیز پہن رکھی تھیں اور ان کے ہاتھوں میں ہتھوڑے اور دیگر اوزار تھے۔ انہوں نے شیشے کے شو کیس توڑ کر اندر رکھے قیمتی زیورات بیگز میں بھر لیے۔

اسٹور کے مالک کے مطابق ڈاکو صرف ایک منٹ سے کچھ زیادہ وقت میں دکان کی تقریباً 75 سے 80 فیصد انوینٹری لے گئے جس کی مالیت تقریباً 1.7 ملین ڈالر بتائی جا رہی ہے۔ڈکیتی کے بعد ملزمان باہر کھڑی گاڑیوں میں بیٹھ کر مختلف سمتوں میں فرار ہو گئے۔

حکام کے مطابق فرار کے لیے استعمال ہونے والی زیادہ تر گاڑیاں مبینہ طور پر چوری کی تھیں جس کی وجہ سے ملزمان کی شناخت کرنا مشکل ہو گیا۔

پولیس نے ایک سیاہ رنگ کی گاڑی کا تعاقب بھی کیا جو تیز رفتاری سے رہائشی علاقوں سے گزرتی ہوئی تقریباً 80 میل فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچ گئی اور کئی ٹریفک اشاروں کی خلاف ورزی کی۔حکام کے مطابق اس منظم ڈکیتی کو “موب اسٹائل ٹیک اوور” قرار دیا جا رہا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔