سابق کپتان سرفراز احمد کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
سرفراز احمد نے اپنے کیریئر میں پاکستان کے لیے 54 ٹیسٹ، 117 ون ڈے انٹرنیشنل اور 61 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
سرفراز احمد نے اپنے کیریئر میں پاکستان کے لیے 54 ٹیسٹ، 117 ون ڈے انٹرنیشنل اور 61 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ انہوں نے مجموعی طور پر 6164 رنز بنائے جبکہ بطور وکٹ کیپر 315 کیچز اور 56 اسٹمپنگز بھی کیں۔
سرفراز احمد نے پاکستان کی تقریباً 100 انٹرنیشنل میچز میں قیادت کی۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 جیت کر بڑی کامیابی حاصل کی تھی۔ اسی دوران پاکستانی ٹیم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں عالمی نمبر ایک رینکنگ تک بھی پہنچی۔
وہ پاکستان کے واحد کپتان ہیں جنہوں نے جونیئر اور سینئر دونوں سطح پر آئی سی سی ٹائٹل جیتے۔ حکومت پاکستان نے انہیں 2018 میں پرائڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا تھا۔
اپنے پیغام میں سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا۔ انہوں نے کہا کہ انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2006 اور چیمپئنز ٹرافی 2017 جیتنا ان کے کیریئر کے یادگار ترین لمحات ہیں۔
انہوں نے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، اہلِ خانہ اور مداحوں کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم کی تینوں فارمیٹس میں قیادت کرنا ان کے لیے خواب کی تعبیر تھا۔ سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ بھی کسی نہ کسی صورت میں پاکستان کرکٹ کی خدمت جاری رکھیں گے۔