پوپ لیو کی امریکا،اسرائیل اور ایران سے فوری جنگ بندی کی اپیل

ہ اس تنازع کے نتیجے میں ہزاروں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں لوگ اپنے گھروں سے بے دخل ہو چکے ہیں

               
March 15, 2026 · بام دنیا

ویٹی کن سٹی میں اتوار کی عبادت کے بعد پوپ لیو نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امریکا، اسرائیل اور ایران سے فوری جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں جاری تنازع کے باعث عام شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں اور گزشتہ دو ہفتوں کے دوران جنگ کے تباہ کن اثرات واضح طور پر سامنے آئے ہیں۔

پوپ لیو نے کہا کہ اس تنازع کے نتیجے میں ہزاروں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں لوگ اپنے گھروں سے بے دخل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے ان خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا جنہوں نے حملوں میں اپنے پیاروں کو کھو دیا، اور ان متاثرہ علاقوں کے لیے دعا کی جہاں اسکولوں، اسپتالوں اور رہائشی عمارتوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے زور دیا کہ تشدد کبھی بھی دیرپا امن، انصاف یا استحکام کا ذریعہ نہیں بن سکتا۔ ان کے مطابق مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کا راستہ اپنانا ہی واحد مؤثر طریقہ ہے اور فریقین کو فوری طور پر بات چیت کا آغاز کرنا چاہیے۔

پوپ لیو نے لبنان کی صورتحال پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سفارتی کوششوں کے ذریعے وہاں امن قائم کرنے میں مدد ملے گی اور عوام کو درپیش مشکلات میں کمی آئے گی۔

ادھر خطے میں ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے، جبکہ امریکا بھی اس تنازع میں شامل ہو کر ایران پر حملے کر رہا ہے۔ دوسری جانب ایران کی جانب سے بھی اسرائیل اور خطے میں موجود امریکی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، جس کے باعث صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے۔