علی لاریجانی بیٹے سمیت شہید- بسیج کمانڈر غلام رضا کی شہادت کی بھی تصدیق

ایرانی میڈیا نے علی لاریجانی کا ہاتھ سے لکھا نوٹ شائع کردیا- معاملے پر ابہام برقرار

               
March 17, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا

 ایران نے اپنے سکیورٹی چیف علی لاریجانی اور بسیج فورس کے کمانڈر غلام رضا کی شہادت کی تصدیق کردی ہے۔ 

اس سے پہلے اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کٹز نے دعوی کیا تھاکہ اسرائیل اور امریکا کی جانب سے کیے گئے حملوں کے دوران ایران کے سکیورٹی چیف علی لاریجانی کو شہید کر دیا گیا ہے۔

اسرائیلی وزیر خارجہ کے مطابق یہ کارروائی حالیہ فضائی حملوں کے دوران کی گئی۔

ایرانی میڈیا نے ابتدائی طور پر اسرائیلی میڈیا کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ علی لاریجانی کے بارے میں پھیلائی جانے والی خبریں درست نہیں۔ایرانی میڈیا نے علی لاریجانی کا ہاتھ سے لکھا ایک پیغام شائع کیا جس میں ان ایرانی بحریہ کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا جن کی نماز جنازہ منگل کو ادا کی جا رہی تھی۔ یہی نوٹ ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی شائع کیا گیا۔

تاہم بعد میں ایرانی سلامتی کونسل سیکریٹریٹ نے تصدیق کردی کہ علی لاریجانی بیٹے اور دیگر اہلکاروں سمیت شہید ہوگئے ہیں۔ ایک بیان میں کہا گیا کہ علی لاریجانی ان کے بیٹے مرتضیٰ لاریجانی، کونسل کے ڈپٹی سیکورٹی آفیسر علی رضا بیات اور محافظوں کے ایک گروپ کے ساتھ مارے گئے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق انہوں نے ایک خفیہ اپارٹمنٹ میں رہائش اختیار کر رکھی تھی۔

ایران کی پاسداران انقلاب نے بسیج کمانڈر غلام رضا کی شہادت کی بھی تصدیق کی۔

میڈیا میں گزشتہ چند روز سے علی لاریجانی کو ایران کا “سب سے خطرناک ذہن” قرار دیا جا رہا تھا۔ لاریجانی کو ایران میں ایک اہم سیاسی شخصیت سمجھا جاتا تھا، جو ماضی میں مغربی ممالک کے ساتھ جوہری مذاکرات کی قیادت بھی کر چکے تھے اور پارلیمنٹ کے اسپیکر بھی رہ چکے تھے۔

ایران کی تصدیق سے پہلے پاکستانی صحافی عاصمہ شیرانی نے بتایا کہ ایران میں ذرائع نے ان کے شہید ہونے کی تصدیق کی ہے۔

عاصمہ شیرازی نے ایکس پر لکھا کہ ایران میں ذرائع تصدیق کر رہے ہیں کہ ایران کے نیشنل سیکورٹی سیکرٹری علی لاریجانی اپنے بیٹے سمیت اپنے گھر پر ایک اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔