علی لاریجانی کی شہادت کا بدلہ لیں گے۔ پاسداران انقلاب کا اعلان۔اسرائیل پر میزائلوں کی بارش
آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت اسرائیل کےخلاف حملوں کی 61 ویں لہر کا آغاز کردیا
علی لاریجانی کی شہادت کے بعد ایران نے اسرائیل پر میزائلوں کی بارش کردی جس کے نتیجے میں تل ابیب میں متعددگاڑیاں تباہ جبکہ 2 افراد ہلاک ہوگئے۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے ایک بیان میں واضح کیا کہ آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت اسرائیل کے خلاف حملوں کی 61 ویں لہر کا آغاز کردیا۔
بیان کےمطابق اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب پر خرم شہر 4، قدر، عماد اور خیبرشکن میزائل داغے اور 100 سے زائد فوجی اور سکیورٹی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اسے ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کا سراغ ملا ہے اور نشانہ بنائے گئے علاقوں کے رہائشیوں کو فوری طور پر محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے تازہ میزائل حملے کے بعد وسطی اسرائیل کے شہر کسیم میں کم از کم چار مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق حملے کے نتیجے میں املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے، جبکہ ایک مقام پر خوف و ہراس کا شکار دو افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی۔
اس سے قبل ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اعلان کیا تھا کہ علی لاریجانی کی شہادت کا سخت انتقام لیا جائے گا۔
ایران کے صدر نے علی لاریجانی کو ایک ممتاز اور قابل قدر شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کی زندگی بھر مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں اور ملکی ترقی و قومی پالیسی سازی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، ایرانی صدر نے واضح کیا کہ علی لاریجانی کی شہادت کا سخت انتقام لیا جائے گا۔