ایران کیخلاف امریکہ اور اسرائیل جنگ 18 سے 27 مارچ تک

ایران کیخلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ پر اپ ڈیٹس

               
March 25, 2026 · Live
Thursday, 26 March 2026 – 23:41 #
ایرانی بحریہ کے سربراہ کا قتل اسرائیل، امریکہ تعاون کی ’ایک اور مثال‘ ہے , نیتن یاہو

تل ابیب: اسرائیلی وزیرِ اعظم بینیامن نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ ایرانی بحریہ کے کمانڈر علی رضا تنگسیری کا قتل اسرائیل اور امریکا کے درمیان ’تعاون کی ایک اور مثال‘ ہے۔

عبرانی زبان میں جاری ایک ویڈیو پیغام میں، اسرائیلی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ اسرائیل ایران بھر میں اہداف پر ’زبردست حملہے‘ کر رہا ہے۔

نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ ’اس شخص کے ہاتھوں پر بہت زیادہ خون تھا۔‘

ان کا مزید کہنا ہے کہ ’یہ ہمارے اور ہمارے دوست، امریکہ کے درمیان جنگ کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے طرف تعاون کی ایک اور مثال ہے۔‘

اس سے قبل اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا تھا کہ تنگسیری نے ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی مؤثر بندش میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

Thursday, 26 March 2026 – 23:36 #
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں پھر ہوشربا اضافہ

لندن: جنگ بندی مذاکرات پر ایران اور امریکا کے متضاد بیانات کے باعث تاحال غیر یقینی صورت حال کا سامنا ہے جس کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مزید 5 فیصد اضافہ ہوگیا۔ برینٹ خام تیل کی قیمت جمعرات کو 108 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

گزشتہ روز مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام کے وقت برینٹ خام تیل کی قیمت 102 ڈالر فی بیرل تھی۔ باوجود اس کے کہ ایران نے کئی آئل ٹینکرز کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دی ہے۔

جنگ کے 27 روز گزر جانے کے بعد بھی اب تک جنگ بندی مذاکرات کا صحیح معنوں میں آغاز بھی نہیں ہوسکا ہے۔ امریکی صدر نے آج بھی متنبہ کیا ہے کہ یہ ایران کے لیے آخری موقع ہے۔

بی بی سی کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی گروپ ایم یو ایف جی کا کہنا ہے کہ جنگ اور مذاکرات کے حوالے سے متضاد بیانات نے صورت حال کی غیریقینی میں اضافہ کر دیا ہے۔

Thursday, 26 March 2026 – 22:52 #
اسرائیل اور امریکا نے خطے کو شدید بحران سے دوچار کر دیا ہے ، طیب اردوان

انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ اس وقت ایران میں بہنے والے آنسو دنیا کے کسی بھی خطے میں مسلمان کے آنسو سے مختلف نہيں ۔

دارالحکومت انقرہ میں اپنی جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کے صوبائی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے رجب طیب اردوان نے کہا کہ قتلِ عام کرنے والے نیٹ ورک کے سامنے کیا فرق پڑتا ہے کہ ہمارا نام علی ہو، مرتضیٰ ہو، عمر ہو، عائشہ، زینب، حسن ہو یا حسین ہو۔

طیب اردوان نے کہا کہ ایران پر اسرائیل اور امریکا کے حملوں نے خطے کو شدید بحران سے دوچار کر دیا ہے، خطہ مشکل ترین حالات سے گزر رہا ہے۔ یہ جنگ پورے خطے کو متاثر کر رہی ہے، جہاں نہ مسلک کی تمیز رہی ہے نہ نسل کی اور ہر حملہ مشترکہ نقصان کا سبب بن رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترکیہ اپنے برادر ممالک میں کوئی فرق نہيں کرتا، انہيں مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑے گا۔

Thursday, 26 March 2026 – 22:45 #
خلیجی ریاستیں امریکیوں کو ان کے اڈوں سے نکال باہر کریں، ایرانی فوجی ترجمان

تہران: ایران کے فوجی ترجمان نے خلیجی ریاستوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ امریکیوں کو ان کے اڈوں سے نکال باہر کریں۔

روسی میڈیا کے مطابق تہران میں ایرانی فوجی ترجمان نے کہا کہ خلیجی ریاستوں نے نہیں نکالا تو امریکی اڈوں کو مزید نقصان پہنچائیں گے۔

ایرانی فوج ترجمان نے کہا کہ امریکی فوجیوں کا تعاقب کر رہے ہیں جو بھاگ گئے اور ہوٹلز میں چھپے ہیں، ہم اس ہوٹل کو امریکی سمجھتے ہیں جس میں امریکی فوجی اکٹھے ہوں گے۔

ایرانی فوج ترجمان نے کہا کہ ایران نے ثابت کر دیا کہ امریکی ایف 35 طیارے اب محفوظ نہیں۔

انھوں نے کہا کہ عالمی تجارتی گذرگاہ آبنائے ہرمز اب پہلے جیسا نہیں رہے گا۔

Thursday, 26 March 2026 – 21:32 #
ایران سے مذاکرات جاری ہیں، پاکستان ثالثی کر رہا ہے ، سٹیو وٹکوف

واشنگٹن: مشرقِ وسطیٰ کے لیے امریکی صدر کے ایلچی سٹیو وٹکوف کا کہنا ہے کہ ’امن معاہدے کے لیے امریکہ نے 15 نکاتی منصوبہ مرتب کیا ہے جسے ثالثی کا کردار ادا کرنے والی پاکستانی حکومت کے ذریعے ایران تک پہنچایا گیا ہے۔‘

یہ پہلا موقع ہے کہ امریکی انتظامیہ کی جانب سے باضابطہ طور پر پاکستان کا نام لیتے ہوئے یہ کہا گیا ہے کہ پاکستان امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی میں اہم کرداد ادا کر رہا ہے۔

امریکی صدر کے ایلچی سٹیو وٹکوف کا مذید کہنا تھا کہ ’یہ حساس سفارتی معاملہ ہے جسے خفیہ رکھا گیا ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’معاہدہ ہونے کے اچھے امکانات ہیں اور اگر ایسا ہو جاتا ہے کہ یہ ایران، خطے اور بلکہ دنیا بھر کے لیے اچھا ہوگا۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’ہم دیکھیں گے کہ معاملات کس طرف جاتے ہیں اور آیا ہم ایران کو یہ باور کرا سکتے ہیں کہ یہ ایک فیصلہ کن موڑ ہے جہاں ان کے پاس مزید تباہی اور ہلاکت کے سوا کوئی بہتر متبادل نہیں۔ ہمارے پاس مضبوط اشارے ہیں کہ یہ ممکن ہے۔‘

Thursday, 26 March 2026 – 21:28 #
شکریہ ! آپ کی ضرورت نہیں رہی ، ٹرمپ کی برطانوی وزیراعظم پر تنقید

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر برطانیہ کے وزیرِاعظم کیئر سٹارمر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’برطانیہ نے تین ہفتے پہلے طیارے بھیجنے کی پیشکش کی تھی یہ وہ وقت تھا کہ جب جنگ پہلے ہی ختم ہو چکی تھی۔‘

انھوں نے کہا کہ ’میں نے انھیں کہا کہ اوہ یہ بہت اچھا ہے، آپ کا بہت شکریہ۔ زحمت نہ کریں، ہمیں اب اس کی ضرورت نہیں۔‘

اس کے بعد ٹرمپ کہتے ہیں کہ برطانیہ کے طیارے ’اتنے بہترین نہیں ہیں۔۔۔ وہ ہمارے مقابلے میں کھلونوں جیسے ہیں۔‘

آبنائے ہرمز کے حوالے سے صدر کا کہنا تھا کہ ’اگر امریکہ اور ایران ’درست معاہدہ‘ کر لیتے ہیں تو یہ اہم بحری تجارتی گزرگاہ دوبارہ کھول دی جائے گی۔‘

Thursday, 26 March 2026 – 21:23 #
تہران نے امریکہ کے 15 نکاتی امن منصوبے کا جواب دیدیا ہے، ایرانی میڈیا

تہران: ایران کے پاسدارانِ انقلاب سے وابستہ تسنیم نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ تہران نے امریکہ کے 15 نکاتی امن منصوبے کا جواب دے دیا ہے اور اب اسے امریکہ کے جواب کا انتظار ہے۔

ایک باخبر عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے تسنیم نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے مندرجہ ذیل شرائط رکھی گئی ہیں:

’دشمن کی جارحیت اور قتل و غارت کی کارروائیاں بند کی جائیں‘

’ایسے حالات کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ جنگ دوبارہ نہ ہو‘

’ہرجانہ اور جنگی معاوضہ کا واضح طور پر تعین ہونا چاہیے اور اس کی ضمانت دی جائے‘

خطے میں ایران کے اتحادیوں اور پراکسیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام محاذوں اور خطے میں مزاحمتی گروپوں کے خلاف کارروائیاں ختم کی جائے۔

ایرانی عہدیدار نے تسنیم نیوز ایجنسی کو یہ بھی بتایا ہے آبنائے ہرمز پر ایران کی خودمختاری اس کا ’فطری اور قانونی حق‘ ہے۔

Thursday, 26 March 2026 – 21:19 #
ایران نے پاکستان کے 8 جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دے کر تحفہ دیا ، ٹرمپ 

واشنگٹن / تہران :

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ ایران نے خیر سگالی کے طور پر تزویراتی اہمیت کی حامل آبنائے ہرمز (Strait of Hormuz) سے تیل کے 10 بڑے بحری جہازوں کو گزرنے کی اجازت دے دی ہے۔

ٹرمپ کے مطابق بعد میں جب انہوں نے خبریں دیکھیں تو واقعی آٹھ جہاز آبنائے ہرمز کے درمیان سے گزرتے ہوئے نظر آئے، اور انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ جہاز پاکستانی پرچم کے تحت چل رہے تھے۔

صدر ٹرمپ نے اسے تہران کی جانب سے ایک “تحفہ” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اس بات کی علامت ہے کہ ایران جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات میں سنجیدہ ہے۔

وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ ایران نے ابتدا میں 8 بڑے ٹینکرز کو راستہ دیا، جس کے بعد مزید 2 جہازوں کو بھی گزرنے کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے کہا ایران نے ہمیں بتایا کہ وہ اپنی سنجیدگی ثابت کرنے کے لیے تیل کے آٹھ بڑے جہازوں کو گزرنے دیں گے۔ یہ واقعی ایک بڑا تحفہ ہے جس کی مالیت اربوں میں ہے۔

امریکی صدر نے خاص طور پر ذکر کیا کہ ان ٹینکرز میں پاکستان کے پرچم والے جہاز بھی شامل تھے۔ انہوں نے اس پیشرفت کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ “ایسا لگتا ہے کہ اب ہم صحیح لوگوں سے بات چیت کر رہے ہیں۔

Thursday, 26 March 2026 – 20:01 #
ایران جنگ روکنے کے لیے ’معاہدے کی بھیک مانگ رہا ہے , ترمپ

واشنگٹن: صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری حالیہ جنگ اور خطے کی کشیدہ صورتحال پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران انتظامیہ معاہدے کے لیے بے چین ہے، تاہم انہوں نے فوری جنگ بندی کے امکان کو مسترد کر دیا۔

صدر ٹرمپ نے ان رپورٹس کی تردید کی کہ تہران مذاکرات سے انکاری ہے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا:

انھوں نے کہاکہ ریکارڈ کی درستگی کے لیے بتاتا چلوں کہ وہ (ایران) ڈیل کرنے کے لیے منتیں کر رہے ہیں، میں نہیں۔ جس کسی نے بھی وہاں کے حالات دیکھے ہیں، وہ بہتر جانتا ہے کہ وہ ایسا کیوں کر رہے ہیں۔

جب ان سے جنگ بندی کے معاہدے کے بارے میں پوچھا گیا تو صدر کا کہنا تھا کہ وہ فی الحال یقینی طور پر کچھ نہیں کہہ سکتے کہ آیا امریکہ اس کے لیے تیار ہے یا ایسا کرنا ممکن ہو سکے گا۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر انہوں نے نیٹو (NATO) اور ڈیموکریٹس کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے نیٹو پر خاطر خواہ تعاون نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو نیٹو کی ضرورت نہیں ہے، اور ساتھ ہی “اس اہم وقت کو یاد رکھنے” کی دھمکی آمیز تنبیہ بھی کی۔

Thursday, 26 March 2026 – 19:41 #
خلیجی ممالک میں ایرانی حملے امن کیلیے سنگین خطرہ ہیں ، سعودی سفیر

اسلام آباد: پاکستان میں متعین سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے خلیجی ممالک کی خودمختاری کو نشانہ بنانے والے حالیہ ایرانی حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے علاقائی امن اور عالمی استحکام کے لیے ایک سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔ اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے ان حملوں کے بین الاقوامی اثرات اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر روشنی ڈالی ہے۔

سفیر نواف بن سعید المالکی نے واضح کیا کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور دیگر خلیجی ریاستوں کے سویلین انفراسٹرکچر، ہوائی اڈوں اور تیل کی تنصیبات پر حملے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ان حملوں کا کوئی اخلاقی یا قانونی جواز موجود نہیں ہے۔

سعودی سفیر نے خبردار کیا کہ خلیجی خطہ عالمی توانائی کی فراہمی کا مرکز ہے۔ تیل کی تنصیبات اور بحری راستوں (خصوصاً آبنائے ہرمز اور باب المندب) کو نشانہ بنانے سے نہ صرف عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ اس سے پاکستان جیسے دوست ممالک کی معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

سفیر نے پاکستان کی جانب سے ان حملوں کی بروقت اور شدید مذمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد اور ریاض خطے میں امن کے قیام کے لیے ایک صفحے پر ہیں۔ پاکستان نے عالمی سطح پر (بشمول اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل) ان حملوں کے خلاف آواز اٹھا کر ثابت کیا ہے کہ وہ خلیجی ممالک کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتا ہے۔

نواف بن سعید المالکی نے اپنے پیغام میں اعادہ کیا کہ خلیجی ممالک اپنی حدود اور شہریوں کے دفاع کا مکمل حق محفوظ رکھتے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ایران کو ان اشتعال انگیز کارروائیوں سے روکنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے تاکہ مشرقِ وسطیٰ کو کسی بڑی جنگی تباہی سے بچایا جا سکے۔

Thursday, 26 March 2026 – 19:34 #
پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر علی رضا تنگسیری کون ہیں؟

تہران : علی رضا تنگسیری 2018 میں پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر مقرر ہوئے تھے۔ اس سے قبل وہ 2010 سے پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ ڈپٹی کمانڈر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔

علی رضا تنگسیری سے منسوب ایک ایکس اکاؤنٹ رواں ماہ کی تاریخ سے فعال ہے۔ ایرانی ذرائع ابلاق ان کے اس کاؤنٹ سے جاری کیے جانے والے بیانات کا حوالہ دیتے ہیں۔

اس کاؤنٹ سے وہ کئی بار آبنائے ہرمز کے بارے میں بیان جاری کر چکے ہیں۔ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ’ایران کے خلاف جارحیت کرنے والوں سے وابستہ کسی بھی جہاز کو وہاں سے گزرنے کا حق نہیں ہے۔‘

تنگسیری ماضی میں امریکہ اور اسرائیل کے خلاف کئی بیانات دے چکے ہیں۔

2019 میں انھوں نے دھمکی دی تھی کہ اگر ایران کی تیل کی برآمدات میں خلل پڑا تو آبنائے ہرمز کو بند کر دیا جائے گا۔

2019 میں ایران کی جانب سے آبنائے کے قریب نگرانی والے ایک امریکی ڈرون کو مار گرائے جانے کے بعد امریکہ نے پاسدارانِ انقلاب کے دیگر کمانڈروں کے ہمراہ تنگسیری پر بھی پابندی عائد کر دی تھی۔

Thursday, 26 March 2026 – 19:31 #
ایران کے خلاف جنگ: حوثی جنگجوؤں کا بھی میدان میں اترنے کا اعلان

صنعا/رائٹرز: یمن کے حوثی باغیوں نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف جاری حالیہ جنگ میں ایران کا ساتھ دینے اور براہِ راست لڑائی میں شامل ہونے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

حوثی قیادت کا کہنا ہے کہ اگر ایران کو ان کی عسکری صلاحیتوں کی ضرورت پڑی تو وہ ہر طرح کے آپشنز کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق حساس صورتحال کے پیشِ نظر نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک سینیئر حوثی رہنما نے بتایاہم تمام فوجی آپشنز کے ساتھ مکمل طور پر تیار کھڑے ہیں۔ جہاں تک جنگی کارروائی کے آغاز یا ‘زیرو آور’ (Zero Hour) کے تعین کا تعلق ہے، تو یہ فیصلہ اعلیٰ قیادت پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ ہم تمام پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور مناسب وقت آنے پر بھرپور حرکت میں آئیں گے۔

حوثی رہنما نے مزید کہا کہ اب تک ایران دشمن کو ہر محاذ پر شکست دے رہا ہے اور جنگ کا رخ ایران کے حق میں ہے، تاہم اگر حالات میں کوئی تبدیلی آتی ہے تو حوثی فورسز اپنا رخ متعین کریں گی۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر حوثی اس جنگ میں نیا محاذ کھولتے ہیں، تو ان کا سب سے بڑا اور آسان ہدف یمن کے ساحل پر واقع باب المندب کی آبنائے ہوگی۔ یہ وہ اہم سمندری گزرگاہ ہے جو بحیرہ قلزم (Red Sea) اور نہر سوئز کے ذریعے عالمی بحری ٹریفک کو کنٹرول کرتی ہے۔

ایران کی جانب سے پہلے ہی آبنائے ہرمز کو بند کیے جانے کی اطلاعات کے بعد، اگر حوثی باب المندب کو بھی نشانہ بناتے ہیں تو عالمی تجارت اور تیل کی سپلائی بری طرح متاثر ہو سکتی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، حوثیوں کا یہ قدم عالمی معیشت کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہو سکتا ہے۔

Thursday, 26 March 2026 – 18:12 #
عراقچی اور قالیباف کو پاکستان کے کہنے پرنشانہ نہیں بنایا گیا ، عرب میڈیا

اسلام آباد : امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثوں کے ذریعے بالواسطہ مذاکرات کے دوران جن میں پاکستان اور مصر شامل تھے، ایک پاکستانی عہدیدار نے بتایا کہ اسرائیل نے ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اور پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کو اپنی ہدفی فہرست سے نکال دیا۔

بعد ازاں پاکستان نے واشنگٹن سے درخواست کی کہ انہیں نشانہ نہ بنایا جائے۔اس عہدیدار نے جمعرات کو مزید کہا کہ اسرائیلیوں کے پاس ان دونوں کے جغرافیائی معلومات(لوکیشن) موجود تھیں اور وہ انہیں شہید کرنا چاہتے تھے، لیکن ہم نے امریکہ کو کہا کہ اگر ان دونوں کو بھی شہید کر دیا گیا تو بات کرنے کے لیے کوئی باقی نہیں بچے گا۔

عہدیدار نے مزید کہا کہ امریکہ نے اسرائیلیوں سے پیچھے ہٹنے کی درخواست کی، جیسا کہ رائٹرز نے رپورٹ کیا۔

یہ معلومات اس کے بعد سامنے آئیں جب عراقچی نے گزشتہ شب باضابطہ ٹی وی پر اعلان کیا کہ ایران کی جانب سے امریکہ کے ساتھ مذاکرات کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ایران کی پالیسی ”مزاحمت جاری رکھنے” کی ہے۔اس کے ساتھ ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی مذاکرات کے وجود کی تردید کی۔

انہوں نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ جنگ کو اپنی شرائط پر ختم کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ یہ دوبارہ نہ دہرائی جائے۔

قبل ازیں امریکی حکام کے مطابق امریکا اور اسرائیل نے ممکنہ امن مذاکرات کے پیش نظر دو سینئر ایرانی عہدیداروں کو عارضی طور پر اپنی ہدفی فہرست سے نکال دیا ہے۔

وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی کا نام چار سے پانچ روز کے لیے ہدفی فہرست سے ہٹایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ اقدام سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ کے خاتمے کے لیے اعلیٰ سطحی مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ ترکی، پاکستان اور مصر کے ثالثین امریکا اور ایران کے درمیان فوری مذاکرات کے لیے قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ جنگ بندی عمل میں آئے اور اس کے بعد مذاکرات ممکن ہوں۔

تاہم حکام کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کی شرائط میں موجود بڑے اختلافات کے باعث ان مذاکرات کی کامیابی کے امکانات کم ہیں۔

Thursday, 26 March 2026 – 17:32 #
عالمی تجارتی نظام 80 سال کی بدترین تباہی کا شکار، ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کا انتباہ

نیویارک: ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (WTO) کی سربراہ نگوزی اوکونجو ایویلا نے عالمی تجارتی نظام کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ دنیا گزشتہ 80 برسوں کے بدترین تجارتی تعطل اور خلل سے گزر رہی ہے۔

ڈبلیو ٹی او کی وزارتی کانفرنس کے افتتاحی خطاب میں انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ “وہ عالمی نظم و ضبط اور کثیر جہتی تجارتی نظام جسے ہم جانتے تھے، اب ہمیشہ کے لیے بدل چکا ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ آج دنیا کو جن بڑے پیمانے کے مسائل کا سامنا ہے، ان سے کسی صورت انکار ممکن نہیں۔

ڈبلیو ٹی او چیف کے مطابق جیو پولیٹیکل کشیدگی نے پرانے تجارتی ڈھانچے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔

معاشی تعاون اور ترقی کی تنظیم (OECD) نے یورو استعمال کرنے والے ممالک (Eurozone) کی ترقی کے تخمینے میں کمی کر دی ہے۔

مشرق وسطیٰ کی جنگ کے باعث توانائی کی قیمتوں میں ہونے والے ہوشربا اضافے نے عالمی سپلائی چین کو متاثر کیا ہے، جس کی وجہ سے 2026 میں افراطِ زر (مہنگائی) مزید بڑھنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ توانائی کے بحران اور بین الاقوامی تنازعات نے عالمی معیشت کو ایک ایسے موڑ پر لا کھڑا کیا ہے جہاں سے واپسی کے لیے بڑے پیمانے پر اصلاحات اور عالمی تعاون کی ضرورت ہے۔

Thursday, 26 March 2026 – 17:24 #
اسرائیل کا ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر کو شہید کرنے کا دعویٰ

تل ابیب: اسرائیل نے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر علی رضا تنگسیری کوشہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کا کہنا ہے کہ تنگسیری آبنائے ہرمز کی بندش اور بمباری کی دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے براہ راست ذمہ دار تھے اور انھیں ’اڑا دیا گیا ہے‘۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ایرنی بحریہ کے متعدد دیگر سینئیر حکام بھی مارے گئے ہیں۔

ایران نے تاحال اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

Thursday, 26 March 2026 – 17:16 #
ایک بار دیر ہو گئی تو دوبارہ موقع نہیں ملے گا،ٹرمپ کی ایران کو وارننگ

واشنگٹن: امریکی صدر دونلڈ ٹرمپ نے ایرانی مذاکرات کاروں کو ’بہت مختلف‘ اور ’عجیب‘ قرار دیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ امریکہ سے معاہدے کے لیے ’بھیک‘ مانگ رہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایرانی فوج بالکل تباہ ہو گئی ہے اور ان کی واپسی کا کوئی امکان نہیں۔

ٹروتھ سوشل پر جاری پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ، ’اس کے باوجود وہ عوامی طور پر کہتے ہیں کہ وہ محض ’ہماری تجویز پر غور کر رہے ہیں۔’جھوٹ!!!‘

’بہتر ہے کہ وہ جلد سنجیدہ ہو جائیں، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔‘

صدر ٹرمپ کا مزید کہنا ہے کہ ایک بار دیر ہو گئی تو دوبارہ موقع نہیں ملے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک بار پھر نیٹو ممالک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کو ایران جنگ میں ان کی مدد کی ضرورت نہیں۔

ان کا کہنا ہے، ’نیٹو ممالک نے پاگل ملک ایران کے خلاف مدد کے لیے بالکل کچھ نہیں کیا جو اب عسکری طور پر ختم ہو چکا ہے۔ امریکہ کو نیٹو سے کسی چیز کی ضرورت نہیں لیکن اس اہم وقت کو ’کبھی نہیں بھولیں گے‘!ً‘

Thursday, 26 March 2026 – 17:12 #
پاسدارانِ انقلاب کا اسرائیلی جوہری تنصیب کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

تہران:ایرانی پاسدارانِ انقلاب گارڈ (آئی آر جی سی) نے اسرائیل کے جوہری تنصیب کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق آئی آر جی سی نے کہا ہے کہ تازہ حملوں کا آغاز آج صبح سویرے کیا گیا، جس میں ڈرونز اور میزائلوں کے ذریعے وسیع پیمانے پر حملے کیے گئے۔پاسدارانِ انقلاب نے امریکہ اور اسرائیل پر حملوں کی 82ویں لہر کا آغاز کر دیا ہے۔

آئی آر جی سی کے بیان کے مطابق ان حملوں کا ہدف اسرائیل کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اور بحیرۂ مردار کے جنوبی علاقے میں واقع اس کی جوہری تنصیبات اور اس سے تعلق رکھنے والی صنعتی مراکز تھے۔یہ کارروائیاں خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں کی جا رہی ہیں، تاہم اسرائیلی حکام نے اس حوالے سے کوئی ردعمل نہیں دیا۔

بریکنگ | Thursday, 26 March 2026 – 17:03 #
جنگ بندی سے پہلے ایرانی میزائل طاقت ختم کرنے کے لیے خلیجی ملکوں کا امریکہ پرزور۔سی این این کا دعویٰ
  امریکی نشریاتی ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ خلیجی ملکوں نے جنگ کے بعد بدترحالات سے بچنے کے لیے امریکہ پرزوردیاہے کہ ایران کی میزائل طاقت ختم کرنےدی جائے۔ادارے کا کہناہے کہ ایران کی جنگ سے پہلے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلیجی عرب اتحادیوں نے حملوں کے خلاف سخت لابنگ کی تھی، کیونکہ انہیں انی حملوں کا ڈر تھا جو تہران اب ان پر کر رہا ہے۔ جیسے جیسے جنگ طویل ہو رہی ہے، انہیں خدشہ ہے کہ (امریکی فوج کا) جلد انخلاانہیں بدتر حالت میں چھوڑ سکتا ہے۔   گزشتہ ہفتے کے دوران، جب جنگ ختم کرنے… مزید پڑھیں
بریکنگ | Thursday, 26 March 2026 – 16:40 #
ٹرمپ ایران پر حملے کے لیے اس وجہ سے راضی ہوئے۔خوف ناک انکشاف
  سابق سی آئی اے آفیسر اور وسل بلوئر جان کیریاکو (John Kiriakou) نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل نے دہائیوں تک امریکہ پر ایران کے خلاف کارروائی کے لیے دباؤ ڈالا اور بالآخر واشنگٹن کو براہ راست دھمکی دے کراپنامطالبہ منوایا۔   ایک پوڈکاسٹ میں جان کیریاکونے بتایا کہ ہر صدر کے دور میںاسرائیلیوں نے ہم سے ایران پر بمباری کرنے کی درخواست کی۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ اسرائیل کا وزیراعظم کون ہے، ان کا ایک ہی مطالبہ ہوتا ،آپ کو ایران پر بمباری کرنی ہوگی۔اور ہر ایک صدر نے انکار کیا ۔ہم نے کبھی ایران… مزید پڑھیں
بریکنگ | Thursday, 26 March 2026 – 16:18 #
ایرن پرحملوں کے لیے تعینات دونوں طاقت ور امریکی بیڑے محاذسے کیوں پسپا ہوئے؟
ایران کے خلاف کارروائی کے لیے بھیجے گئےامریکی بحریہ کے دونوں طاقتور ترین جنگی جہاز محاذ سے غائب ہو چکے ہیں۔ امریکی بحریہ کا سب سے مہنگا جنگی جہازیو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ، جس کی لاگت13عشاریہ 2ارب ڈالر ہے، ایک لانڈری روم میں آگ لگنے کے بعد واپس لوٹ گیا۔ اب اس جہاز کو کریٹ (یونان) کے سمندری اڈے پر مرمت کے لیے بھیجا جا رہا ہے، جس میں 14ماہ لگ سکتے ہیں۔ پینٹاگون کی ایک رپورٹ میں سنگین انکشافات سامنے آئے ہیں۔ جہاز کا جیٹ لانچ سسٹم (ای ایم اے ایل ایس)، ریڈار، ہتھیاروں کی ایلیویٹرز (جو بم… مزید پڑھیں
بریکنگ | Thursday, 26 March 2026 – 13:12 #
ممکنہ ایران ،امریکہ معاہدے کے خدشے پر اسرائیلی حملے تیز۔تہران کا جنگ بندی تجاویزپرغور
  اسرائیلی فوج نے ایران کے اندر اہم اہداف پر اپنے حملے تیز کر دیے ہیں کیونکہ امریکہ اور تہران کے درمیان مذاکرات شروع ہونے کے امکانات بڑھ رہے ہیں اور تل ابیب میں فوجی کارروائیاں جلد رک جانے کا خدشہ پایا جاتا ہے۔ ایرانی میڈیا نے ملک کے شمال مشرق میں مشہد ایئرپورٹ کے قریب بمباری اور وسطی شہر کاشان کو نشانہ بنانے والے فضائی حملوں کی اطلاع دی ہے۔ امریکی اخبار ’’ نیویارک ٹائمز ‘‘ نے کہا ہے کہ اعلیٰ سطح کے اسرائیلی حکام کے مطابق وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے گزشتہ منگل کو ہدایت دی تھی کہ… مزید پڑھیں
Thursday, 26 March 2026 – 12:36 #
83 فی صد ایرانی حملے خلیجی ملکوں پر ، صرف 17 فی صد اسرائیل پرہوئے۔اعدادوشمارجاری

خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) ممالک نے کہا ہے کہ اسرائیل سے بھی زیادہ ایران کی جانب سے داغے جانے والے میزائلوں اور ڈرونز کا حملوں کا سامنا کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی نےایسے حملوں کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ ایران کی طرف سے داغے کے میزائلوں اور ڈرونز میں سے 83 فیصد کا سامنا جی سی سی ممالک کو کرنا پڑا،صرف 17 فیصد کا ہدف اسرائیل تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ خلیجی ممالک میں اہم انفراسٹرکچر اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے والے یہ حملے خطرناک شدت اختیار کر چکے ہیں، جو علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔’مجموعی طور پر داغے گئے ہتھیاروں کی تعداد4ہزار391تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے برعکس، اسرائیل جو براہِ راست ایران پر حملے کر رہا ہے، پر 930 میزائل اور ڈرون حملے ہوئے ہیں، جو کہ کل علاقائی حملوں کا صرف 17 فیصد بنتے ہیں۔

اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ ان حملوں کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ایس پی اے کی رپورٹ میں کہا گیا کہ اس تنازع کے آغاز سے اب تک سعودی عرب پر 723 میزائل اور ڈرون حملے کیے جا چکے ہیں۔ یو اے ای پر پر2ہزار156، بحرین پر 429، کویت پر 791، قطر پر 270 اور عمان پر 22 حملے کیے گئے ہیں۔

سعودی عرب سمیت چھ پانچ عرب نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ ایران کے حالیہ حملے ان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔سعودی عرب، کویت، متحدہ عرب امارات، بحرین، قطر اور اردن کی طرف سے کہا گیا کہ ایسے حملے ’چاہے یہ براہِ راست کیے گئے ہوں یا ایران کے حمایت یافتہ گروہوں کے ذریعے‘ نہ صرف بین الاقوامی قانون بلکہ بین الاقوامی انسانی قانون اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی بھی صریح خلاف ورزی ہیں۔

Thursday, 26 March 2026 – 06:52 #
عراق میں امریکی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر سے ایرانی ڈرون ٹکرانے کی ویڈیو

ایرانی پاسداران انقلاب نے عراق کے ایک فوجی اڈے پر امریکی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر سے ایرانی ڈرون ٹکرانے کی ویڈیو جاری کی ہے۔ برطانیہ کے اسکائی نیوز کے مطابق ہیلی کاپٹر آپریشن حالت میں تھا۔ ویڈیو اسی ڈرون نے براہ راست بھیجی جو ہیلی کاپٹر سے ٹکرایا۔

Thursday, 26 March 2026 – 01:44 #
بوشہر ایٹمی پلانٹ پر حملوں کے باعث کویت میں ممکنہ تابکاری سے بچاؤ کا الرٹ جاری

ایران کے بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ پر جاری حملوں کے باعث پیدا ہونے والے خدشات کے پیشِ نظر، کویتی حکام نے شہریوں کو ممکنہ تابکاری کے اثرات سے بچنے کے لیے الرٹ جاری کر دیا۔
نیشنل گارڈ کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں حکام نے ہنگامی صورتحال کے لیے بنیادی حفاظتی تدابیر بتاتے ہوئے کہا کہ قریب ترین ایٹمی ری ایکٹر کویت سے 240 کلومیٹر (149 میل) سے زیادہ فاصلے پر ہے، جس کی وجہ سے کسی بھی ممکنہ لیکیج (رساؤ) کے اثرات انتہائی محدود ہوں گے۔
شہریوں کے لیے ہدایات میں کہا گیا ہے کہ گھروں کے اندر رہیں اور باہر نکلنے سے گریز کریں۔ تابکاری سے بچاؤ کے لیے کھڑکیاں اور دروازے مضبوطی سے بند رکھیں۔

یہ انتباہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ایران کے بوشہر پاور پلانٹ کے قریب ہونے والے دو مبینہ امریکی و اسرائیلی حملوں کے بعد سامنے آیا ہے۔
ایٹمی توانائی کے عالمی ادارے (IAEA) نے تصدیق کی ہے کہ منگل کے روز ایک گولہ تنصیب سے ٹکرایا تھا، تاہم ایران کا کہنا ہے کہ پلانٹ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور نہ ہی کوئی عملہ زخمی ہوا۔ اس سے قبل 17 مارچ کو بھی ایرانی فوجی کارروائیوں کے دوران ایک گولہ سائٹ کے قریب گرا تھا۔ اگرچہ ان واقعات میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا، لیکن انہیں حساس ایٹمی ڈھانچے کے لیے انتہائی خطرناک قرار دیا گیا ہے۔
آئی اے ای اے نے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کے حملے سنگین خطرات کا باعث بن سکتے ہیں اور ایٹمی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فریقین سے تحمل کا مطالبہ کیا ہے۔