ایران کیخلاف امریکہ اور اسرائیل جنگ 18 سے 27 مارچ تک

ایران کیخلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ پر اپ ڈیٹس

               
March 25, 2026 · Live
بریکنگ | Friday, 20 March 2026 – 19:02 #
ایرانی جزیرے خارگ پر قبضے کی امریکی تیاری
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے اس کے اہم تیل برآمدی مرکز جزیرہ خارک پر قبضہ یا ناکہ بندی جیسے عسکری اقدامات پر غور کر رہا ہے، اس بات کا انکشاف امریکی نشریاتی ادارے ایکسیوز Axios نے جمعہ کو کیا۔ رپورٹس کے مطابق امریکی انتظامیہ کا بنیادی مقصد ایران کو آبنائے ہرمز کو بین الاقوامی جہاز رانی کے لیے دوبارہ کھولنے پر مجبور کرنا ہے، جسے حالیہ کشیدگی کے دوران مؤثر طور پر بند کر دیا گیا ہے اور اس کے باعث عالمی بحری تجارت شدید متاثر ہوئی ہے۔ جزیرہ خارک خلیج فارس میں ایران… مزید پڑھیں
Friday, 20 March 2026 – 17:40 #
اسرائیلی حملے میں پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان علی محمد نعینی شہید
ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) کے ترجمان اور شعبہ تعلقات عامہ کے نائب بریگیڈیئر جنرل علی محمد نعینی جمعہ کی صبح تہران پر ہونے والے اسرائیلی حملوں میں شہید ہو گئے۔ ایرانی سرکاری میڈیا نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔ پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں بریگیڈیئر جنرل علی محمد نعینی کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ تہران میں ہونے والے فضائی حملے میں جان کی بازی ہار گئے۔ بیان کے مطابق حملہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے کیا گیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق علی محمد نعینی سنہ 2024 سے… مزید پڑھیں
Friday, 20 March 2026 – 12:57 #
اسرائیلی کا جنوبی شام میں فوجی تنصیبات پر حملوں کا دعویٰ

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے شام کے جنوبی حصے میں فوجی کمپاؤنڈز کے اندر موجود بنیادی ڈھانچے،ایک کمانڈ سینٹر اور اسلحہ ڈپو کو نشانہ بنایا ہے۔

فوج کے مطابق یہ حملے جمعرات کے روز السویداء کے علاقے میں شامی حکام کی جانب سے شہریوں پر مبینہ حملوں کے ردعمل میں کیے گئے۔

شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا اور شامی حکومت نے تاحال اسرائیلی حملے کی تصدیق نہیں کی ہے۔

Friday, 20 March 2026 – 12:20 #
ایران کی خواتین فٹبال ٹیم کا تہران میں شاندار استقبال

ایرانی حکام نے قومی خواتین فٹبال ٹیم کا آسٹریلیا سے واپسی پر ہیروز جیسا شاندار استقبال کیا، جہاں کچھ کھلاڑیوں نے پناہ کی درخواستیں دی تھیں اور بعد میں واپس لے لی تھیں۔ اس دوران یہ الزامات بھی سامنے آئے کہ ایران نے ان کے خاندانوں پر دباؤ ڈالا تھا۔

چھ کھلاڑیوں اور ایک معاون عملے کے رکن نے، جو ویمنز ایشین کپ کے لیے آسٹریلیا گئے تھے، اس ماہ کے اوائل میں پناہ کی درخواست دی تھی۔ اس سے قبل ایران میں سخت گیر حلقوں کی جانب سے ان پر تنقید کی گئی تھی کیونکہ انہوں نے اپنے پہلے میچ سے قبل قومی ترانہ نہیں گایا تھا۔

Friday, 20 March 2026 – 12:05 #
قطر کی ایل این جی برآمدات میں 17 فیصد کمی

قطر کے وزیرِ توانائی کا کہنا ہے کہ راس لفان تنصیب پر حملے کے نتیجے میں قطر کی مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی برآمدی صلاحیت اگلے پانچ سالوں میں 17 فیصد کم ہو جائے گی، جس سے ملک کو سالانہ آمدنی میں 20 ارب ڈالر کا نقصان ہو گا۔

صنعتی پروسیسنگ یونٹ ٹرین کا استعمال کرتے ہوئے قدرتی گیس کو بہت کم درجہ حرارت پر ٹھنڈا کر کے ایل این جی تیار کی جاتی ہے۔ قطری وزیر کا کہنا ہے کہ ایرانی حملوں سے پلانٹ کی 14 ٹرینوں میں سے دو کو نقصان پہنچا ہے۔

Friday, 20 March 2026 – 12:01 #
میزائلوں کی تیاری کا عمل جاری ہے۔ پاسداران انقلاب

ایرانی پاسداران انقلاب گارڈ کا کہنا ہے میزائلوں کی تیاری کا عمل جاری ہے، ذخائر میں کسی قسم کی کمی نہیں ہے۔

Friday, 20 March 2026 – 10:50 #
آدھی رات سے ایران پر فضائی حملے جاری

تہران میں آدھی رات کے وقت سے حملے جاری ہیں، اسی دوران مغرب میں کرج، جنوب میں کرمان، اور ہرمزگان صوبے کے لنگہ بندرگاہ پر بھی حملے کیے گئے۔

یہ ملک بھر میں حملوں کی ایک سیریز تھی جو آدھی رات سے شروع ہو کر چند گھنٹے قبل تک جاری رہی۔

تاہم اب تک حملوں کے اثرات یا نشانہ بننے والے مقامات کی کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

Friday, 20 March 2026 – 10:23 #
ٹرمپ انتظامیہ نے یو اے ای کو ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری دیدی

امریکی اخبار کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے یو اے ای کو ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری بھی دے دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ہتھیاروں میں تقریباً 5.6 ارب ڈالر کے پیٹریاٹ میزائل اور 1.3 ارب ڈالرکے جدید جنگی ہیلی کاپٹر شامل ہیں۔

امریکہ پہلے ہی 3 خلیجی ملکوں کو 16.5 ارب ڈالرکے ہتھیارفروخت کرنے کا اعلان کر چکا ہے۔

Friday, 20 March 2026 – 10:18 #
کویت میں منا الأحمدی ریفائنری پر ڈرون حملہ۔آگ بھڑک اٹھی

کویت کے سرکاری میڈیا کے مطابق کویت پٹرولیم کارپوریشن کی منا الأحمدی ریفائنری کو صبح کے وقت کئی ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔

کویت نیوز ایجنسی نے جمعہ کو بتایا کہ کچھ یونٹس میں آگ بھڑک اٹھی اور کئی بند کر دیے گئے، لیکن کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

فائر اور ایمرجنسی سروسز کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچا دیا گیا۔

Friday, 20 March 2026 – 09:57 #
جرمنی نے ہیگ میں اسرائیل کے لیے نسل کشی کیس میں حمایت واپس لے لی

جرمن وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ جرمنی اب اسرائیل کی مدد کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا کہ وہ جنوبی افریقہ کی جانب سے عالمی عدالت انصاف (ICJ) میں دائر کیے گئے غزہ میں نسل کشی کے الزامات کا جواب دے۔
جرمن وزارت خارجہ کے نائب ترجمان یوزف ہنٹر سیہر نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا، جیسا کہ یہودی نیوز سروس (JNS) نے رپورٹ کیا، “عالمی عدالت انصاف میں کوئی مداخلت نہیں ہوگی۔”

ہنٹر سیہر کے مطابق برلن کا فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب جرمنی خود نکاراگووا کے الزام کا دفاع کر رہا ہے کہ اس نے اسرائیل کی نسل کشی کی حمایت کی، جو ICJ میں ایک الگ کیس میں زیر سماعت ہے۔

Friday, 20 March 2026 – 09:40 #
اب تک ایران میں تقریباً 3200 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ہیومن رائٹس ایجنسی

امریکہ میں قائم ہیومن رائٹس ایکٹوسٹ نیوز ایجنسی نے ایران میں ہلاکتوں کی تعداد کے بارے میں ایک اپ ڈیٹ جاری کی ہے۔ ایجنسی کے مطابق 28 فروری کو جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 3,186 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں کم از کم 210 بچوں سمیت 1,394 عام شہری شامل ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں 1,153 فوجی جبکہ 639 اموات کا تعین نہیں ہو سکا ہے۔

Friday, 20 March 2026 – 09:30 #
مزید جنگی جہاز اور فوجی ایران کے خلاف جنگ میں شامل کرنے کی امریکی تیاری

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی فوجی فورسز ایران کے خلاف لڑائی میں اپنے دستوں کو مضبوط کرنے کے لیے کئی جنگی جہازوں کے ساتھ 4,000 میرینز اور بحری اہلکار بھیجنے کی تیاری کر رہی ہیں، جس کا حوالہ چار نامعلوم حکام سے دیا گیا ہے۔

بوکسر ایمفیبیئس ریڈی گروپ، جو امریکہ کے مغربی ساحل سے روانہ کیا جا رہا ہے، میں F-35 لڑاکا طیارے، میزائل اور ایمفیبیئس گاڑیاں بھی شامل ہیں جو زمینی حملوں کے لیے استعمال کی جا سکتی ہیں۔

Friday, 20 March 2026 – 08:53 #
آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کیلئے مذاکرات جلد ہونگے۔انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن

انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی او ایم) کا تین روزہ اجلاس ختم ہوگیا ہے۔

آئی او ایم کے سربراہ وکٹر جمنیز فرنانڈیز نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ انھیں یقین ہے کہ ان کی تنظیم اگلے ہفتے ایران اور علاقائی طاقتوں کے ساتھ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور محفوظ گزر گاہ کے لیے ایک فریم ورک تلاش کرنے کے لیے مذاکرات شروع کرے گی۔

فرنانڈیز کا کہنا ہے کہ خطے کا کوئی بھی ملک ان مذاکرات سے باہر نہیں ہو گا۔

ان کا کہنا ہے کہ پورے خطے کو ایک ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ آبنائے ہرمز کے ذریعے تجارتی جہازوں کی محفوظ آمدورفت کے لیے کوئی حل تلاش کیا جا سکے۔

Friday, 20 March 2026 – 08:37 #
صدر ٹرمپ نے ایران سے جنگ کو شطرنج سے تشبیہہ دے دی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے جنگ کو شطرنج سے تشبیہہ دے دی، ایرانیوں کو ہوشیار اور ذہین قرار دے دیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ایران سے جنگ شطرنج کا ایک بڑا کھیل ہے اور ہم بہت ہوشیار لوگوں سے یہ شطرنج کھیل رہے ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ ہم انتہائی ذہین اور اونچے پیمانے کا آئی کیو رکھنے والے لوگوں سے نمٹ رہے ہیں۔

قبل ازیں ایک بیان میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جب تک ایران قطر پر دوبارہ حملہ نہیں کرتا، اسرائیل ایران کے اہم ساؤتھ پارس گیس فیلڈ پر مزید حملے نہیں کرے گا۔

صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیل نے مشرقِ وسطیٰ کی جنگی صورتحال پر غصے کے باعث ایران کے گیس فیلڈ پر حملہ کیا۔

Friday, 20 March 2026 – 08:27 #
میزائل اور ڈرون حملوں کا جواب دے رہے ہیں۔ کویتی حکام

کویتی فوج نے کہا ہے کہ اس وقت “دشمن کے میزائل اور ڈرون حملوں” کا مقابلہ کیا جا رہا ہے اور عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ سرکاری حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔

فوج کے مطابق دھماکوں کی آوازیں کویت کے فضائی دفاعی نظام کی جانب سے دشمن حملوں کو روکنے کی کارروائی کا نتیجہ ہیں۔

کویت کی فوج نے پہلے کے میزائل اور ڈرون حملے کا بھی سامنا کرنے کی اطلاع دی تھی۔

Friday, 20 March 2026 – 08:19 #
اسرائیلی حملے کے جواب میں طاقت کا چھوٹا سا مظاہرہ کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران نے اپنی غیر فوجی تنصیبات پر اسرائیلی حملے کے جواب میں طاقت کا چھوٹا سا مظاہرہ کیا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تحمل کا مظاہرہ کشیدگی میں کمی کی درخواستوں پر کیا گیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران کے بنیادی ڈھانچے پر دوبارہ حملہ کیا گیا تو تحمل کا مظاہرہ نہیں کریں گے۔ عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ جنگ کا خاتمہ کسی بھی انداز سے ہو، شہری علاقوں میں ہوئے نقصانات کا ازالہ لازمی شرط ہوگی۔

Friday, 20 March 2026 – 08:11 #
خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں پھر اضافہ

مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے

برینٹ کی قیمت 119 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ یورپ اور برطانیہ میں بھی گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، برطانیہ میں گیس 35فیصد مہنگی ہوگئی

Friday, 20 March 2026 – 08:02 #
سعودی عرب میں شمالی الجوف صوبے میں ڈرون مار گرایا گیا

سعودی عرب کی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ملک کے شمال میں واقع الجوف صوبے کے اوپر ایک اور ڈرون کو روک کر تباہ کر دیا ہے۔

یہ کارروائی چند گھنٹوں کے دوران جاری رہنے والے ڈرون حملوں کے سلسلے کے دوران کی گئی ہے۔

Friday, 20 March 2026 – 07:36 #
ایرانی حملے کے بعد بحرین کے گودام میں آگ لگ گئی

بحرین کی وزارتِ داخلہ کے مطابق ایک کمپنی کے گودام میں آگ ایرانی حملے کے نتیجے میں گرنے والے میکانیکی ٹکڑوں کی وجہ سے بھڑک اٹھی۔

وزارت نے کہا کہ سول ڈیفنس کے اہلکاروں نے آگ پر قابو پا لیا ہے اور اس دوران کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

وزارتِ داخلہ نے یہ نہیں بتایا کہ آیا یہ حملہ ایرانی ڈرونز یا میزائلز کے ذریعے کیا گیا تھا یا نہیں۔

Friday, 20 March 2026 – 07:18 #
6ممالک کا آبنائے ہرمز کا محاصرہ ختم کرنے میں مدد پر غور

برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی، ہالینڈ اور جاپان نے کہا ہے کہ وہ ہرمز کی تنگی میں محاصرے کو ختم کرنے میں مدد کے لیے ایک مشن تیار کرنے پر غور کریں گے۔

اب تک کوئی ٹائم لائن مقرر نہیں کی گئی، اور جرمنی اور نیدرلینڈز کا کہنا ہے کہ حصہ لینے کے لیے جنگ بندی یا کم از کم دشمنی کا خاتمہ شرط ہے۔

Friday, 20 March 2026 – 07:14 #
سعودی عرب نے مشرقی علاقے میں 3ڈرون تباہ کردیئے

سعودی عرب کی وزارتِ دفاع نے بتایا ہے کہ گزشتہ ایک گھنٹے کے دوران ملک کے مشرقی علاقے میں تین ڈرونز کو روک کر تباہ کر دیا گیا۔

وزارت کے ترجمان کے مطابق اس سے قبل بھی گزشتہ کئی گھنٹوں میں مختلف مواقع پر 10 ڈرونز کو تباہ کیا گیا تھا۔

تمام ڈرونز کو ملک کے مشرقی خطے میں ہی ناکارہ بنایا گیا۔

Friday, 20 March 2026 – 07:06 #
کویت پر میزائل اور ڈرون حملے۔ دھماکوں کی آوازیں

کویت کی فوج نے کہا ہے کہ اس کا فضائی دفاعی نظام اس وقت “دشمن کے میزائل اور ڈرون حملوں” کا مقابلہ کر رہا ہے۔

فوج کے مطابق اگر دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں تو وہ “فضائی دفاعی نظام کی جانب سے دشمن حملوں کو روکنے کی کارروائی” کا نتیجہ ہیں۔

عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ حکام کی جانب سے جاری کردہ سکیورٹی اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔

Friday, 20 March 2026 – 07:00 #
متحدہ عرب امارات میزائل خطرے کے خلاف دفاع میں مصروف

متحدہ عرب امارات کی نیشنل ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر رہیں کیونکہ فضائی دفاعی نظام اس وقت ممکنہ میزائل حملے کے خطرے کا جواب دے رہا ہے۔

عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ انتباہات اور تازہ معلومات کے لیے “سرکاری ذرائع” پر نظر رکھیں۔

Friday, 20 March 2026 – 06:56 #
تہران میں بڑے پیمانے پر حملے شروع کردیئے۔ اسرائیل کا دعویٰ

اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ایران کے دارالحکومت تہران پر “بڑے پیمانے” پر حملوں کی ایک لہر شروع کر دی ہے۔

اپنے فارسی زبان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری بیان میں اسرائیلی فوج نے کہا کہ یہ حملے تہران میں “انفراسٹرکچر” کو نشانہ بنا رہے ہیں، تاہم اس دعوے کے حق میں کوئی تفصیلات یا شواہد فراہم نہیں کیے گئے۔

Friday, 20 March 2026 – 06:31 #
عراقی مسلح گروہ نے امریکی تنصیبات پر حملوں کی ذمہ داری قبول کر لی

عراق کے مسلح گروہ سرایا اولیاء الدم نے اپنے چینل پر جاری بیان میں کہا ہے کہ اس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں امریکی اڈوں پر تین حملے کیے ہیں۔

Friday, 20 March 2026 – 06:19 #
تہران میں زور دار دھماکے۔ فضائی دفاعی نظام متحرک

تہران میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ فضائی دفاعی نظام نے امریکہ اور اسرائیل کے آنے والے ڈرونز کو نشانہ بناتے ہوئے کارروائی کی۔

رپورٹس کے مطابق تہران میں فضائی دفاعی نظام دشمن اہداف کو روکنے کے لیے متحرک ہو گیا، جس کے دوران مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔

Friday, 20 March 2026 – 06:15 #
صیہونی حکومت کی نوعیت ریاستی دہشت گردی پر مبنی ہے۔ مسعود پزشکیان

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی جارحیت اور شہید رہنما کے قتل میں جو کچھ ہوا وہ بین الاقوامی تنازعات کے لیے ایک نیا طریقہ ہے جو دنیا کے قانونی نظام کو تباہ کر دے گا۔

صدر پزشکیان نے خبردار کیا کہ اگر عالمی برادری اس بحران کے خلاف مضبوطی سے کھڑی نہ ہوئی تو اس شعلے کی آگ بہت سے لوگوں کو جلا دے گی۔

Friday, 20 March 2026 – 06:09 #
بحرین میں شہریوں کو محفوظ مقامات پر جانے کی ہدایت

وزارتِ داخلہ کے مطابق بحرین میں خطرے کے سائرن بج رہے ہیں اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قریبی محفوظ مقام پر منتقل ہو جائیں اور پرسکون رہیں۔

Friday, 20 March 2026 – 05:59 #
شمالی اسرائیل میں خطرے کے سائرن بج اٹھے

اسرائیلی میڈیا کت مطابق ایران کے میزائل حملوں کے باعث شمالی اسرائیل میں فضائی حملے کے سائرن بج اٹھے۔

یہ صورتحال ایسے وقت میں پیش آئی ہے جب اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر ایران کی جانب سے آنے والے میزائل حملوں کی اطلاع دی ہے۔

Friday, 20 March 2026 – 05:29 #
تل ابیب پر حملوں کی ویڈیوز

ایران نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب اسرائیل پر حملے کیے۔ تل ابیب کی یہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ ہوئی ہیں۔ پہلی ویڈیو میں تل ابیب میں ایک اسلحہ فیکٹری کی تباہی کے مناظر ہیں۔

بریکنگ | Friday, 20 March 2026 – 05:15 #
اسرائیل پر رات بھر میزائل حملے، یروشلم اور حیفہ میں دھماکوں کی اطلاعات

جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب اسرائیل میں میزائل سرگرمی کا غیر معمولی طور پر شدید سلسلہ دیکھنے میں آیا، جس کے دوران متعدد علاقوں میں فضائی حملے کے سائرن بجتے رہے اور مختلف مقامات پر دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔

الجزیرہ ٹی وی کے مطابق یروشلم کے نواحی علاقے میں زمین پر دو دھماکوں کی رپورٹس سامنے آئی ہیں، جن کے بارے میں خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ براہ راست میزائل گرنے یا مار گرائے گئے میزائلوں کے ملبے کے باعث ہوئے۔ فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یروشلم کو ایک گھنٹے کے اندر چار مرتبہ آنے والے ہتھیاروں کی لہروں کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث چار بار فضائی حملے کے سائرن بجائے گئے۔ ایک ہی گھنٹے میں اتنی بار وارننگ جاری ہونا غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے۔

اس دوران وسطی اسرائیل، وادی اردن اور مقبوضہ مغربی کنارے کے وسیع علاقوں میں بھی سائرن بجنے کی اطلاعات ہیں، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں شمالی شہر حیفہ میں فضا میں دھماکوں اور زمین پر گرتے ملبے کے مناظر دکھائی دے رہے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہاں میزائلوں کو فضا میں تباہ کیا گیا، تاہم ان کے ٹکڑے زمین پر گرے۔ اسی طرح شمالی اسرائیل کے ایک گاؤں میں بھی میزائل یا اس کے حصے کے گرنے کی اطلاعات ہیں۔

ادھر اردن کے دارالحکومت عمان میں بھی رات کے وقت وقفے وقفے سے سائرن بجنے کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق تقریباً ہر 20 سے 30 منٹ بعد سائرن بجتے رہے، جب کہ فضا میں دور سے دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دیتی رہیں، جو غالباً فضائی دفاعی نظام کی جانب سے میزائلوں کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں تھیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق جمعہ کی صبح کے قریب صورتحال نسبتاً پرسکون ہو گئی، تاہم حکام کی جانب سے شہریوں کو چوکنا رہنے کی ہدایات جاری رکھی گئی ہیں۔