ایران کیخلاف امریکہ اور اسرائیل جنگ 18 سے 27 مارچ تک

ایران کیخلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ پر اپ ڈیٹس

               
March 25, 2026 · Live
Thursday, 19 March 2026 – 21:53 #
ٹرمپ نے اسرائیل کو ایران کے پارس گیس فیلڈ پر حملوں سے روک دیا

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیل کو ایران کے ساؤتھ پارس گیس فیلڈ پر مزید حملوں سے روک دیا گیا ہے، تاہم اگر ایران نے خلیجی ممالک پر حملے جاری رکھے تو امریکہ خود کارروائی کرے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل کو ایران کے ساؤتھ پارس قدرتی گیس فیلڈ پر دوبارہ حملہ نہیں کرنے دیں گے، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے خلیجی ممالک کی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنانا جاری رکھا تو امریکا خود اس گیس فیلڈ کو تباہ کر سکتا ہے۔

ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران نے خلیج کے مختلف ممالک میں گیس اور تیل کی تنصیبات پر حملے کیے ہیں۔ ان حملوں میں قطر کے ایک بڑے گیس مرکز کے ساتھ ساتھ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور کویت کی آئل و گیس تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

یہ کارروائیاں ایران کی جانب سے اسرائیل کے اس حملے کے جواب میں کی گئیں، جس میں ایران کے اہم ساؤتھ پارس گیس فیلڈ کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ یہ جنگ 28 فروری سے جاری ہے اور اس دوران خطے میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا کہ اسرائیل نے ساؤتھ پارس پر حملہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر غصے کے باعث کیا، تاہم ان کے مطابق اس حملے میں گیس فیلڈ کا صرف ایک چھوٹا حصہ متاثر ہوا۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکا کو اس حملے کا پیشگی علم نہیں تھا، تاہم امریکی اور اسرائیلی حکام کے مطابق اس کارروائی میں دونوں ممالک کے درمیان رابطہ موجود تھا۔

Thursday, 19 March 2026 – 21:37 #
حیفہ آئل ریفائنری پر ایرانی میزائلوں کی بارش، ہر طرف آگ

تہران: ایران نے اسرائیل کے معاشی دل حیفہ پر کاری ضرب لگا دی! حیفہ کی سب سے بڑی آئل ریفائنری پر ایرانی میزائل براہِ راست جا لگے، جس کے بعد خوفناک دھماکوں سے پورا علاقہ گونج اٹھا۔

لرزہ خیز مناظر میں ریفائنری سے اٹھتا ہوا کالا دھواں میلوں دور سے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس اچانک حملے نے اسرائیل کے دفاعی نظام کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور پورے شہر میں بجلی غائب ہونے سے اندھیرا چھا گیا ہے۔ کیا یہ مشرقِ وسطیٰ میں ایک بڑی تباہ کن جنگ کا آغاز ہے؟

حملے کے بعد ریفائنری میں آگ لگنے اور بجلی کے بریک ڈاؤن کی اطلاعات ہیں، تاہم کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔

Thursday, 19 March 2026 – 21:15 #

پہلی بار امریکی ایف 35 طیارہ ایرانی میزائل کا نشانہ بن گیا

واشنگٹن : مشرق وسطیٰ میں امریکی فضائی اڈے پر ایرانی میزائل کا نشانہ بننے کے بعد F-35 لڑاکا طیارے نے ایمرجنسی لینڈنگ کی ہے۔

سی این این کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان کیپٹن ٹم ہاکنز کے مطابق طیارہ ایران کے اوپر ایک آپریشن کے دوران پرواز کر رہا تھا جب اسے لینڈنگ کے لیے مجبور ہونا پڑا۔

کیپٹن ہاکنز نے کہا کہ طیارہ محفوظ طریقے سے اتر گیا اور پائلٹ کی حالت مستحکم ہے، اس واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق F-35 ایک پانچویں نسل کا اسٹیلتھ طیارہ ہے، جس کی قیمت تقریباً 100 ملین ڈالر سے زائد ہے۔

Thursday, 19 March 2026 – 21:09 #

کویت کی سب سے بڑی آئل ریفائنری پر حملہ

کویت سٹی: کویت کی سب سے بڑی اور اہم ترین آئل ریفائنری ‘مینا الاحمدی’ کو ایرانی ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں تنصیب کے ایک حصے میں آگ بھڑک اٹھی۔

کویت پیٹرولیم کارپوریشن (KPC) نے فوری بیان جاری کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ حملے کے بعد لگنے والی “محدود آگ” پر مکمل قابو پا لیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی ریفائننگ کے عمل میں کوئی بڑا تعطل پیدا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ مینا الاحمدی ریفائنری کویت کی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، جس کی یومیہ پیداواری صلاحیت 7 لاکھ 30 ہزار بیرل تیل ریفائن کرنے کی ہے۔ اس حملے نے خطے میں توانائی کی تنصیبات کی سیکیورٹی کے حوالے سے نئی تشویش پیدا کر دی ہے۔

Thursday, 19 March 2026 – 19:14 #
آج ایران پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ کیا جائے گا، امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ کی بڑھک

واشنگٹن:امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کے اہداف واضح ہیں اور ان میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

جمعرات کو نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پیٹ ہیگستھ کا کہنا تھا کہ ’امریکہ نے آج تک ایران میں سات ہزار سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنایا ہے، جمعرات کو اب تک کا سب سے بڑا سٹرائیک پیکج ہو گا، جیسا بدھ کو تھا۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ ایران کے میزائل لانچرز، دفاعی صنعت اور اس کی بحریہ کو تباہ کرنا امریکی اہداف میں شامل ہے جبکہ اس بات کو بھی یقینی بنانا ہے کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کرے۔

امریکی وزیرِ دفاع کا مزید کہنا تھا کہ ایران نے سرنگوں، راکٹوں، میزائلوں اور ڈرونز میں پیسہ بہایا ہے۔ لیکن امریکہ ان کا بے رحمی سے شکار کر رہا ہے، جیسا کہ دُنیا کی کوئی دوسری فوج نہیں کر سکتی۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہماری صلاحتیں مسلسل بن رہی ہیں اور ایران مسلسل تنزلی کا شکار ہے اور اس کے دفاعی نظام کو زمین بوس کر دیا گیا ہے۔

امریکی وزیر دفاع نے دعویٰ کیا کہ ایرانی بیلسٹک میزائل اور امریکی افواج کے خلاف یک طرفہ ڈرون حملوں میں ’تصادم کے آغاز کے بعد سے 90 فیصد کمی‘ ہوئی ہے۔

پیٹ ہیگستھ کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ نے ایرانی بحریہ کے کم از کم 120 بحری جہازوں کو نقصان پہنچایا ہے یا غرق کر دیا ہے۔

Thursday, 19 March 2026 – 17:56 #
ایران نے اسرائیلی و امریکی ڈرونز، کروز میزائل تباہ کردیا

تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے دارالحکومت تہران اور دیگر علاقوں میں دشمن کے ڈرونز اور ایک کروز میزائل کو تباہ کر دیا۔

سرکاری میڈیا کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایک بغیر پائلٹ طیارے کو تہران کی فضائی حدود میں نشانہ بنایا گیا۔ اسی دوران ایک جدید ڈرون کو صوبہ البرز کے شہر کیراج کے قریب مار گرایا گیا۔پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ دونوں ڈرونز مسلح تھے اور انہیں کسی بھی ممکنہ کارروائی سے قبل ہی تباہ کر دیا گیا۔

مزید برآں صوبہ قازون میں ایک کروز میزائل کو بھی ایران کے جدید اور مربوط فضائی دفاعی نظام کے ذریعے تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

Thursday, 19 March 2026 – 17:52 #
ایران میں امریکا و اسرائیل کیلیے جاسوسی کرنے والے 97 افراد گرفتار

تہران: ایران میں امریکا و اسرائیل سے مبینہ تعلق پر 97 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایران کی وزارتِ انٹیلی جنس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک بھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے 97 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن پر امریکا اور اسرائیل کیلئے کام کرنے کا الزام ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد میں 13 مبینہ جاسوس بھی شامل ہیں، جنہیں جنوب مشرقی ایران سے حراست میں لیا گیا۔

وزارت کے مطابق ملزمان پر الزام ہے کہ وہ ملک میں بدامنی پھیلانے اور قتل کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

سیکیورٹی اداروں نے جنوب مغربی ایران میں عراق کی سرحد کے قریب پانچ مسلح گروہوں کو بھی ختم کر دیا ہے۔

اس سے قبل ایرانی حکام نے شمالی صوبہ البرز میں بھی 41 افراد کو گرفتار کیا تھا، جن پر الزام تھا کہ وہ جنگ سے متعلق ویڈیوز ’مخالف‘ یا ’دشمن‘ میڈیا نیٹ ورکس کو فراہم کر رہے تھے۔

Thursday, 19 March 2026 – 17:48 #
ایران کی خلیجی ممالک میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو مکمل کرنے کی دھمکی

تہران: ایران نے کہا ہے کہ اگر اس کی توانائی کی تنصیبات کو مزید نشانہ بنایا گیا تو وہ خلیج میں امریکی اور اسرائیلی اتحادیوں کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو ’مکمل طور پر تباہ‘ کرنے تک حملہ کرے گا۔

اسرائیل کی جانب سے ایران کی پارس گیس فیلڈز پر حملے کے بعد تہران نے خلیجی خطے میں گیس اور تیل کی تنصیبات کے خلاف ایک نئی لہر شروع کر دی ہے۔

پاسدران انقلاب فورس سے وابستہ فارس نیوز ایجنسی کے مطابق ایران کی ملٹری سینٹرل کمانڈ کے ترجمان نے کہا کہ ’ہم دُشمن کو خبردار کرتے ہیں کہ آپ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملہ کر کے ایک بڑی غلطی کی ہے۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ اگر ایسا دہرایا گیا تو آپ کے اور آپ کے اتحادیوں کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر اس کے بعد ہونے والے حملے اُس وقت تک نہیں رُکیں گے جب تک ان کی مکمل تباہی نہیں ہو جاتی۔

اُنھوں نے مزید کہا ایرانی ردِعمل اب تک کے حملوں سے ’بہت زیادہ شدید‘ ہو گا۔

بریکنگ | Thursday, 19 March 2026 – 15:29 #
ریاض اجلاس۔پاکستان کا عرب علاقوں پر تمام حملے روکنے کی ضرورت پر زور
  سعودی دارالحکومت ریاض میں عرب اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کی۔اس اجلاس میں جمہوریہ آذربائیجان، مملکت بحرین، عرب جمہوریہ مصر، اردن، ریاست کویت، جمہوریہ لبنان، ریاست قطر، شام، جمہوریہ ترکیہ، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ شریک تھے۔ اجلاس کا مقصد مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی، خاص طور پر امریکہ-اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جاری جنگ اور اس کے علاقائی اثرات پر تبادلہ خیال اور علاقائی سلامتی و استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔… مزید پڑھیں
Thursday, 19 March 2026 – 14:57 #
ایران سے متعلق غلط دعوے۔ امریکی سینٹ کمیٹی کی سماعت،انٹیلی جینس ڈائریکٹر کی کلاس میں تبدیل
  امریکی سینٹ نے غلط دعووں پر نیشنل انٹیلی جینس ڈائریکٹرکی کلاس لے لی۔خاتون سربراہ نے پچھلے سال جون میں ایران پر حملوں کے بعد کہا تھا کہ ایران کی ایٹمی افزودگی کی صلاحیت بالکل ختم کردی گئی ہے۔   کمیٹی نے پوچھا کہ اب وائٹ ہاؤس نے یکم مارچ کو کہا کہ امریکا نے ایران کے فوری خطرے کو ختم کرنے کے لیے مہم شروع کی ہے، جب جون میں ایران کی ایٹمی صلاحیت ختم ہوگئی تھی تو اس کا خطرہ دوبارہ کیسے پیدا ہوگیا؟۔ تُلسی گبارڈ کئی بار پوچھنے کے باوجود جواب نہ دے سکیں ۔   سینیٹ… مزید پڑھیں
Thursday, 19 March 2026 – 14:26 #
توانائی تنصیبات پر حملوں کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 110 ڈالر فی بیرل

مشرق وسطیٰ میں توانائی کی تنصیبات پر حملوں کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت زبردست اضافے سے 110 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ ان حملوں نے مارکیٹ میں ہلچل مچا دی ہے، جس کی وجہ سے توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے حوالے سے وائٹ ہاؤس کی جانب سے خدشات کم کرنے کی کوششیں بھی ناکام نظر آ رہی ہیں۔

عالمی بینچ مارک برینٹ کروڈ کی قیمت110اعشاریہ 90ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی، امریکی خام تیل (US crude) کی قیمت99اعشاریہ78 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔ یہ اضافہ ان رپورٹس کے بعد ہوا جن میں کہا گیا تھا کہ ایران نے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا ہے۔ ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے وارننگ کے بعد قطر کی اہم تنصیبات میں آگ لگنے کی اطلاعات موصول ہوئیں اور سعودی عرب میں فضائی خطرات کو ناکام بنایا گیا۔

تیل کی قیمتوں میں یہ تیزی اس وقت مزید بڑھی جب ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی نے بتایا کہ ’ساؤتھ پارس‘ قدرتی گیس کے ذخائر اور عسلوئیہ میں تیل کی تنصیبات پر حملہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل، برینٹ کروڈ83اعشاریہ 3فیصد اضافے کے ساتھ107اعشاریہ 38ڈالر فی بیرل اور امریکی خام تیل0اعشاریہ 1فیصد اضافے کے ساتھ96اعشاریہ 32 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا تھا۔

Thursday, 19 March 2026 – 14:17 #
کویت کی آئل ریفائنری پرایرانی ڈرون حملے

ایرانی فوج نے کویت میں تیل کی تنصیبات پر ڈرون حملے کیے ہیں۔کویت نیوز ایجنسی (کونا) اور ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق حملے کے بعد ایک آئل ریفائنری میں آگ بھڑک اٹھی ہے۔

نیوز ایجنسی کوناکے مطابق کویت پیٹرولیم کارپوریشن کا کہنا ہے کہ مینا الاحمدی ریفائنری میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور ’محدود نوعیت کی آگ‘ پر قابو پا لیا گیا ہے۔

بریکنگ | Thursday, 19 March 2026 – 13:18 #
ایران سےعرب مُمالک پر حملے بند کرنے کا مطالبہ ۔ریاض اجلاس کا اعلامیہ

عرب ممالک نے سعودی دارالحکومت ریاض میں وزرائے خارجہ اجلاس کے بعد ایران کے حملوں کے ردِعمل میں ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں ایران کے ’دانستہ حملوں‘ کی مذمت کی گئی ہے۔

اس اہم اجلاس میں بحرین، کویت، لبنان، قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور خطے کے دیگر ممالک کے نمائندے شامل تھے۔اجلاس کے بعد جاری بیان میں ایران کے ’دانستہ حملوں‘ کی مذمت کی گئی ہے، جن کے بارے میں کہا گیا کہ ایران نے رہائشی علاقوں، شہری تنصیبات اور سفارتی مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔ ان حملوں کو ’کسی بھی جواز‘ کے تحت درست قرار نہیں دیا جا سکتا۔

بیان میں اقوامِ متحدہ کے آرٹیکل 51 کے مطابق اپنے دفاع کے حق پر بھی زور دیا گیا ہے۔اس میں ایران سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ’فوری طور پر اپنے حملے بند کرے‘ اور بین الاقوامی قوانین اور ’اچھے ہمسایہ تعلقات کے اصولوں‘ کا احترام کرے اور آبنائے ہرمز کو بند کرنے سے متعلق ’اقدامات یا دھمکیوں‘ سے گریز کرے۔

بیان میں لبنان کے خلاف اسرائیل کی ’جارحیت‘ اور خطے میں اس کی مبینہ ’توسیع پسندانہ پالیسی‘ کی بھی مذمت کی گئی ہے۔

Thursday, 19 March 2026 – 13:16 #
فتح ایران کاہدف نہیں، جنگ کو مہنگابنانا مقصد ہے
اگرچہ ایران کو اس وقت اپنی حکومت کے لیے اب تک کے سب سے سنگین خطرے کا سامنا ہے، لیکن وہ امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ اپنے تنازع کو طول دینے کا اشارہ دے رہا ہے تاکہ بالآخر خطے کو اپنے حق میں نئے سرے سے تشکیل دے سکے۔ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ایرانی حکومت کو تباہ کن حدتک نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کے تقریباً روزانہ حملوں نے اس کی قیادت اور فوجی کمان کے ڈھانچے کی کئی تہوں کو ختم کر دیا ہے۔ ایرانی عوام، جو پہلے ہی برسوں کی معاشی مشکلات، پابندیوں… مزید پڑھیں
Thursday, 19 March 2026 – 12:57 #
آسٹریلیا میں پناہ حاصل کرنے کی کوششیں کرنے والی 5 ایرانی خواتین فٹ بالرزکی وطن واپسی
  ایران کی خواتین کی قومی فٹ بال ٹیم کی وہ پانچ ارکان، جنہوں نے آسٹریلیا میں سیاسی پناہ حاصل کرنے کی کوششیں ترک کر دی تھیں، باقی اسکواڈ کے ساتھ ملک واپس پہنچ گئی ہیں۔ ان کھلاڑیوں کی تصاویر سامنے آئیںجن میں وہ ٹریک سوٹ پہنے ملائیشیا اور عمان کے راستے پرواز کے بعد ترکی سے ایران کی حدود میں داخل ہو رہی تھیں۔ان میں سے کئی کھلاڑیوں نے ابتدائی طور پر آسٹریلیا میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ویزا حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔ یہ فیصلہ ان خدشات کے بعد کیا گیا تھا کہ ایشین کپ کے… مزید پڑھیں
بریکنگ | Thursday, 19 March 2026 – 12:29 #
مغربی کنارے میں ہیئرسیلون پر ایرانی میزائل کا ملبہ گرنے سے 3 فلسطینی خواتین جاں بحق

مقبوضہ مغربی کنارے میں خواتین کے ہیئر سیلون پر ایرانی میزائل کا ملبہ یا ممکنہ طور پر گولہ گرنے سے تین فلسطینی خواتین جاں بحق ہو گئیں۔فلسطینی اتھارٹی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وفا نے بتایا کہ یہ تین خواتین اس وقت زد میں آئیں جب ہیبرون کے جنوب مغرب میں واقع بیت عوا قصبے میں واقع سیلون کورات گئے ایرانی میزائل کے ٹکڑوں نے نشانہ بنایا۔

واقعے میں تیرہ دیگر زخمی ہوئے۔
ٹائمزآ ف اسرائیل کے مطابق ، ایک غیر ملکی 30سالہ شخص بھی ہلاک ہواہے۔

وفا نے کہا کہ میزائل کے ٹکڑے، اسرائیلی فضائی دفاع کی طرف سے آسمان سے مارگرائے جانے کے نتیجے میں سیلون سے ٹکرا گئے۔یہ ملبہ ہیبرون گورنری کے دیگر مقامات پربھی گرا تھا۔

Thursday, 19 March 2026 – 12:19 #
امریکی قانون سازوں نے اربوں ڈالرجنگی اخراجات پر سوالات اٹھادیئے

امریکی قانون سازوں نے اربوں ڈالرجنگی اخراجات پر سوالات اٹھائے ہیں۔کانگریس کی سماعت میں بریفنگ کے موقع پر ایران کے خلاف ٹرمپ انتظامیہ اور اسرائیل کی مشترکہ جنگ پر جہاں ڈیموکریٹس ارکان کانگریس کو ٹرمپ انتظامیہ کے بارے میں بہت سی شکایات سامنے آئیں وہیں ری پیبلیکن پارٹی کے ارکان کانگریس بھی اس جنگ کے بارے میں مزید معلومات طلب کر رہے ہیں کہ اس جنگ نے لاکھوں جانوں، توانائی کے شعبے اور معیشتوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

ڈیموکریٹس کی شکایات بطور خاص اہم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکی ٹیکس دہندگان کے اربوں ڈالر کا یہ استعمال جنگ پر کئی سوال اٹھانے کا باعث ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کی رازدارانہ اور خفیہ بریفنگز کی بجائے ٹیکس ادا کرنے والے عوام کے سامنے حقائق لائے جانے چاہییں اور انہیں بتایا جائے یہ جنگ کیوں لڑی جا رہی ہے اور اب تک کیا حاصل ہوا ہے۔

Thursday, 19 March 2026 – 12:11 #
امریکہ کے پاس ہتھیار کم پڑگئے۔ پینٹاگان کا 200 ارب ڈالر سے زیادہ رقم کا مطالبہ

پینٹاگان نے ایران جنگ کے اخراجات کی مد میں 200 ارب ڈالر سے زائد رقم کی منظوری کا مطالبہ کردیا۔امریکی اخبارنے سینئر حکومتی عہدے دار کے حوالے سے بتایاہے کہ یہ رقم ٹرمپ انتظامیہ کی اب تک مہم کے اخراجات سے کہیں زیادہ ہوگی اور اس کا مقصد استعمال ہو جانے والے اہم ہتھیاروں کی پیداوار کو فوری طور پربڑھانا ہے۔

اخبار کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران پینٹاگون کی جانب سے فنڈنگ کی کئی مختلف تجاویز پیش کی گئیں اور واشنگٹن پوسٹ کے مطابق تازہ ترین تجویز کانگریس میں ایک بڑی سیاسی بحث کو جنم دے سکتی ہے۔

بریکنگ | Thursday, 19 March 2026 – 12:03 #
ایران میں حکومت مخالف احتجاج کے دوران پولیس اہلکاروں کے قتل کے الزام پر تین مظاہرین کو پھانسی

ایران میں حکومت مخالف احتجاج کے دوران پولیس اہلکاروں کے قتل کے الزام پر تین مظاہرین کو پھانسی دے دی گئی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق عدلیہ سے منسلک خبر رساں ادارے میزان نیوز نے بتایا کہ ان مظاہرین کو جنوری میں ملک گیر احتجاج کے دوران دو پولیس اہلکاروں کے قتل کے الزام میں سزا سنائی گئی تھی۔

انھیں قتل اور ’نظام کے خلاف جنگ‘ کے جرم میں قصوروار پایا گیا، جس میں اسرائیل اور امریکہ کے حق میں سرگرمیوں کا الزام بھی شامل ہے۔

یہ احتجاج ابتدا میں معاشی مسائل کے خلاف شروع ہوا تھا، جو بعد میں حکومت مخالف ملک گیر مظاہروں میں تبدیل ہو گیا۔

امریکہ میں قائم انسانی حقوق کے ادارے ہرانا (ایچ آر اے این اے) کے مطابق ایرانی سکیورٹی فورسز کی سخت کارروائی کے بعد اب بھی تقریباً 11 ہزار 744 کیسز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

Thursday, 19 March 2026 – 11:27 #
علی لاریجانی کا سراغ کیسے لگایا گیا؟

تہران: ایران کے سابق رہبر اعلیٰ آیت اللّٰہ خامنہ ای کے قریبی ساتھی اور سیکیورٹی حکمت عملی کے اہم معمار علی لاریجانی طویل عرصے تک پسِ پردہ رہنے والے اہم کردار کے طور پر جانے جاتے تھے۔ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر مسلط کشیدگی کے دوران ان کی موت کو ایران کے اقتدار کے ڈھانچے کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق علی لاریجانی سخت سیکیورٹی اقدامات کے تحت مختلف خفیہ مقامات پر منتقل ہوتے رہے تاکہ ان کی موجودگی خفیہ رہے، تاہم اسرائیلی انٹیلی جنس نے تہران کے بعض شہریوں سے حاصل معلومات کی بنیاد پر ان کا سراغ پایا۔

رپورٹس کے مطابق علی لاریجانی منگل کے روز تہران کے نواحی علاقے پردیس میں اپنی بیٹی سے ملاقات کے دوران حملے کا نشانہ بن گئے۔ اس حملے میں ان کے بیٹے مرتضیٰ، ایک نائب اور متعدد محافظ بھی ہلاک ہوئے۔ میڈیا کے مطابق ان کی حالیہ عوامی سرگرمیاں، خصوصاً القدس ڈے ریلیوں میں شرکت اور میڈیا میں موجودگی نے ان کی شناخت آسان بنا دی تھی، جس کی بنیاد پر کارروائی ممکن ہوئی۔

بریکنگ | Thursday, 19 March 2026 – 05:17 #
سعودی عرب کی ایران کیخلاف فوجی کارروائی کی وارننگ
سعودی عرب نے ایران کی جانب سے خلیجی ممالک پر حملوں کے تناظر میں سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر وہ فوجی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا ہے کہ ایران پڑوسی ممالک سے بات چیت کے بجائے دباؤ ڈالنے کی پالیسی اختیار کیے ہوئے ہے، جو قابل قبول نہیں۔ ریاض میں عرب وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا کہ ایران کا یہ رویہ نہ صرف سیاسی اور اخلاقی طور… مزید پڑھیں