سعودی عرب میں عید کا چاند آج دیکھنے کی تیاری
سپریم کورٹ نے شہریوں سے شوال شروع ہونے کا فیصلہ کرنے کے لیے رویت کی اپیل کردی
سعودی سپریم کورٹ نے مملکت بھر کے مسلمانوں سے آج بروزبدھ، 18 مارچ کی شام کو رمضان المبارک کے اختتام پر شوال کا چاند دیکھنے کی اپیل کی ہے۔
سرکاری بیان کے مطابق، ام القریٰ کیلنڈر کی رو سے بدھ کو 29 رمضان 1447 ہجری ہے۔اگر بدھ کی شام چاند نظر آجاتا ہے تو عید الفطرجمعرات کو ہوگی؛ بصورتِ دیگر، رمضان المبارک کے 30 دن پورے کیے جائیں گے۔
عدالت نے درخواست کی ہے کہ جو کوئی بھی انسانی آنکھ یا دوربین کے ذریعے ہلال دیکھے، وہ اپنی شہادت درج کرانے کے لیے قریبی عدالت کو مطلع کرے۔ شہری عدالتی حکام تک رسائی کے لیے مقامی انتظامی مراکز سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ امید کرتی ہے کہ چاند دیکھنے کی صلاحیت رکھنے والے افراد اس معاملے پر توجہ دیں گے اور اپنے علاقوں میں اس مقصد کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹیوں میں شامل ہوں گے۔
سعودی عرب میں سرکاری رویتِ ہلال کمیٹیاں بدھ کو غروبِ آفتاب کے وقت مملکت کے مختلف بلند مقامات پر جمع ہوں گی۔عید کا حتمی فیصلہ تمام شہادتوں کی تصدیق کے بعد سپریم کورٹ کی جانب سے سنایا جائے گا۔