سعودی عرب نے ایران کو ممکنہ فوجی کارروائی کی وارننگ دے دی

ایران پڑوسی ممالک سے بات چیت کے بجائے حملے کررہا ہے، وزیر خارجہ، عرب ممالک کا اجلاس

               
March 19, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا

سعودی عرب نے ایران کی جانب سے خلیجی ممالک پر حملوں کے تناظر میں سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر وہ فوجی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا ہے کہ ایران پڑوسی ممالک سے بات چیت کے بجائے دباؤ ڈالنے کی پالیسی اختیار کیے ہوئے ہے، جو قابل قبول نہیں۔

ریاض میں عرب و اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا کہ ایران کا یہ رویہ نہ صرف سیاسی اور اخلاقی طور پر نقصان دہ ثابت ہوگا بلکہ خطے میں اس کی تنہائی میں بھی اضافہ کرے گا۔ ان کے بقول مملکت کسی بھی قسم کے دباؤ میں نہیں آئے گی اور اگر ضرورت پڑی تو فوجی اقدامات کا اختیار محفوظ رکھا گیا ہے۔

ایرانی حملوں کے معاملے پر وزرائے خارجہ اجلاس ریاض میں ہوا جو جمعرات کو علی الصبح اختتام پذیر ہوا۔ پاکستان کے وزیر خارجہ اسحق ڈار نے بھی اس میں شرکت کی۔

انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں دو آئل ریفائنریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس پر ایران کو اپنی “غلط اندازوں” پر نظرثانی کرنی چاہیے کیونکہ ایسے حملوں سے اسے کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ ایران نے بدھ کے روز قطر کے راس لگانے صنعتی شہر پر بڑا حملہ کیا جب کہ خلیجی ممالک میں تیل کی تنصیبات پر حملوں کی دھمکی دی۔

سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ان حملوں کیلئے ایران کا جواز قابل قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مملکت کی اولین ترجیح یہ ہے کہ سعودی عرب اور دیگر غیر متعلق خلیجی ممالک پر جاری حملے فوری طور پر بند کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاض اس مقصد کے لیے سیاسی، معاشی اور سفارتی تمام ذرائع استعمال کرے گا تاکہ خطے میں کشیدگی کم کی جا سکے۔

دریں اثنا خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے بھی ایران کی جانب سے قطر کے راس لفان صنعتی شہر پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنانا عالمی توانائی منڈی اور علاقائی سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ ہے۔

سعودی حکام نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران کی جانب سے بار بار کیے جانے والے حملوں کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔