ایران کے حملے خلیجی ممالک کو امریکہ کے قریب کریں گے، اماراتی عہدیدار

تہران کی غلط حکمت عملی کے سبب ایران بنیادی خطرے کے طور پر سامنے آیا، صدارتی مشیر

               
March 23, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا

اماراتی صدر کے سفارتی مشیر انور قرقاش کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک پر ایران کے حملوں نے ایران کو خطے کی تزویراتی سوچ (strategic thinking) میں ایک “بنیادی خطرے” کے طور پر مستحکم کر دیا ہے۔
انور قرقاش نے واضح کیا کہ ان حملوں کے نتیجے میں خلیجی ممالک اور واشنگٹن کے درمیان سیکورٹی پارٹنرشپ مزید مضبوط ہو گی۔ انہوں نے ان حملوں کو ایران کی “غلط حکمت عملی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہری اور اقتصادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا خطے کے استحکام کے لیے شدید خطرہ ہے۔
اماراتی مشیر کے مطابق ایرانی خطرہ اب خلیجی سیکورٹی پالیسیوں کا مرکزی حصہ بن چکا ہے، حالیہ تناؤ خلیجی ریاستوں کو امریکہ کے ساتھ دفاعی تعلقات مزید گہرے کرنے پر مجبور کرے گا۔
متحدہ عرب امارات نے ایران کی جانب سے اقتصادی اور سویلین انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی مذمت کی ہے۔
یہ بیان ایسے وقت پر سامنے آیا جب امریکی صدر ٹرمپ کے الٹی میٹم کے جواب میں ایران نے خلیجی ممالک کی بجلی کی تنصیبات پر حملوں کی دھمکی دی ہے جبکہ پہلے ہی ایران خلیجی ممالک میں تیل و گیس کی تنصیبات پر حملے کر چکا ہے۔