مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کاروں کی یلغار ، متعدد فلسطینی زخمی ، املاک نذرِ آتش

اسرائیلی آباد کاروں نے فلسطینی شہروں اور دیہاتوں پر وحشیانہ حملے کیے،گھروں اور گاڑیوں کو آگ لگا دی ۔

               
March 23, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

رام اللہ: مقبوضہ مغربی کنارے میں مسلسل دوسری رات بھی اسرائیلی آباد کاروں نے فلسطینی شہروں اور دیہاتوں پر وحشیانہ حملے کیے، جس کے نتیجے میں کم از کم 9 فلسطینی زخمی ہو گئے اور بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا۔

اتوار کی رات گئے نابلوس کے مشرقی گاؤں دیر الحطب میں آباد کاروں کے ساتھ تصادم کے دوران ایک 45 سالہ فلسطینی شہری کے پاؤں میں گولی لگی۔ فلسطینی ہلالِ احمر (PRCS) کے مطابق، بیتا کے علاقے جبل الارمہ میں ایک 47 سالہ شخص پر تشدد کیا گیا، جبکہ دیگر کئی افراد کو بھی بری طرح پیٹا گیا۔

اس سے قبل، آباد کاروں نے جنین کے جنوب میں واقع دو علاقوں میں گھروں اور گاڑیوں کو آگ لگا دی اور پورے مغربی کنارے میں املاک کی توڑ پھوڑ کی۔

ہفتے کی رات کو کم از کم چھ مقامات پر بیک وقت حملے کیے گئے، جن میں جنین کے قریب واقع دیہات سیلت الظہر اور الفندقومیہ، نابلوس کے جنوب میں واقع جالود اور سلفیت، مسافر یطا اور وادیِ اردن کے زرعی علاقے شامل ہیں ـ

فلسطینی خبر رساں ایجنسی ‘وفا’ کے مطابق، ان حملوں میں گھروں اور گاڑیوں کو نذرِ آتش کیا گیا، فلسطینیوں پر پیپر اسپرے (Pepper Spray) کا استعمال کیا گیا اور عید الفطر کی تعطیلات کے دوران کیے گئے ان حملوں میں کم از کم پانچ افراد زخمی ہوئے۔

یہ حالیہ کشیدگی اس وقت بڑھی جب غیر قانونی اسرائیلی بستی ‘ایلون مورہ’ میں 18 سالہ آباد کار یہودا شرمین کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔ شرمین ایک فلسطینی گاڑی سے ٹکرانے کے نتیجے میں ہلاک ہو گیا تھا۔ اگرچہ اسرائیلی پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے، لیکن آباد کاروں کا دعویٰ ہے کہ یہ ٹکر جان بوجھ کر ماری گئی تھی۔